Live Updates

ماڈل ٹائون کیس پر جے آئی ٹی کی غیر جانبدار تفتیش سامنے آئیگی ،

آلِ شریف کو اس کیس میں پھندہ نظرآرہا ہے‘ فیاض الحسن چوہان

جمعرات 6 دسمبر 2018 14:45

ماڈل ٹائون کیس پر جے آئی ٹی کی غیر جانبدار تفتیش سامنے آئیگی ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ ماڈل ٹائون کیس پر اب جے آئی ٹی کی غیر جانبدار تفتیش سامنے آئے گی اور آلِ شریف کو اس کیس میں پھانسی کا پھندہ نظرآرہا ہے،شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکن جارحیت کے موڈ میں آئے اور جھگڑا شروع کیا جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماڈل ٹائون پر اب غیرجانبدار اور آزادانہ جے آئی ٹی بنی ہے، جے آئی ٹی آلِ شریف کی چھیڑ بن چکی ہے اب انہیں ماڈل ٹان کیس میں پھانسی کا پھندا نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب تک کرپشن اور بددیانتی کا سلسلہ چل رہا تھااور ان کی جانب سے خود کو مظلوم بناکر پیش کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ۔

(جاری ہے)

آج احتساب عدالت کے باہر کوشش کی گئی کہ کارکنان کو مروائیں اورپھر لاشوں پر سیاست کریں، عدالت کے باہر اسی منصوبہ بندی کے تحت حمزہ شہباز نے تدبیر اختیار کی جو ان کے منہ پر پڑی۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ماڈل ٹائون پر ان لوگوں نے جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو باہر نہیں آنے دیا، جب رپورٹ باہر آئی تو وہ مینڈیٹ نہیں دیا جس پر عملدرآمد ہو، اب جو جے آئی ٹی بنی ہے اس سے غیر جانبدار تفتیش ہوگی جو سب کے سامنے آئے گی۔

تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران پی ٹی وی پر حملے سے متعلق سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی پر حملہ ایک سازش کے تحت کیا گیا، ان لوگوں نے مظاہرین میں اپنے بندے شامل کرا کے حملہ کیا، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عدالت جو فیصلہ کرے گی وہ منظور ہوگا۔آصف زرداری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی حیثیت سڑک پر بیٹھے نجومی کی رہ گئی ہے، پیپلزپارٹی اب ساڑھے تین سو ووٹوں کی پارٹی رہ گئی ہے جس کا کریڈٹ ایک زرداری سب پہ بھاری کے نعرے کو جاتا ہے۔

انہوںنے کہا کہ فالودے اور قلفی والوں کے جتنے جعلی اکائونٹس مل رہے ہیں سب زرداری کے ہیں، انہیں اومنی کی صورت میں موت نظر آرہی ہے، ایان علی وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہے، انہیں اب پکڑ نظر آرہی ہے تو نجومیوں کی طرح پیش گوئیاں کررہے ہیں۔وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات کے سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی ایک ادارے کے سربراہ سے ملاقات میں کوئی مسئلہ نہیں، یہ ایک تقریب تھی جس میں آمد کی وجہ سے ملاقات ہوئی۔

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ لیگی کارکن جارحیت کے موڈ میں آئے اور جھگڑا شروع کیا جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔مظاہرین کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتے، پولیس نے تحمل کا مظاہرہ کیا، صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، عدالت کے باہر افراد نے جان بوجھ کر پولیس سے لڑائی کی اور منصوبہ بندی کے تحت صورتحال خراب کی، (ن) لیگ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت پولیس سے تصادم کی صورتحال پیدا کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات