کینیڈا میں ہواوے کمپنی کے مالک کی بیٹی گرفتار،امریکا کے حوالے کیے جانے کا امکان

وانزھو نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی،چین کا فوری طورپر رہائی کا مطالبہ

جمعرات 6 دسمبر 2018 14:50

کینیڈا میں ہواوے کمپنی کے مالک کی بیٹی گرفتار،امریکا کے حوالے کیے جانے ..
اوٹاوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) کینیڈین حکام نے چینی کمپنی ہواوے ٹکنالوجیز کی چیف فائنیننشل آفیسرسی ایف او منگ وانزھو کو کینیڈا میں حراست میں لے لیا ۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وانزھو کو امریکا کے حوالے کیا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کو شک ہے کہ وانزھو نے ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تاہم چین نے منگ وانزھو کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

درایں اثنا چین میں کینیڈا کے ایک سابق سفارتکار نے خبردار کیا کہ چین وانزھو کی گرفتاری کے جواب میں امریکی اور کینیڈین ایگزیکٹو کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر سکتا ہے۔کینیڈا میں چینی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں منگ وانزھو کی گرفتاری پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا گیا کہ چینی شہری نے کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی اس لئے انہیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔

(جاری ہے)

بیان میں چین نے کینیڈا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنی غلطی کا ازالہ کرے اور منگ کو بلا تاخیر رہا کیا جائے۔کینیڈین وزارت انصاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ منگ وانزھو ہواوے کمپنی کے بانی رین شنگ کی بیٹی اور کمپنی کی مجلس انتظامی کی رکن ہیں۔ انہیں یکم دسمبر کو وانکوور سے حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد انہیں جمعہ کے روز عدالت میں پیش کیا جانا تھا۔

بیان میں عندیہ ظاہر کیا گیا ہے وانزھو کو امریکا نے اپنے حوالے کرنے کی درخواست کی ہے۔ جمعہ کو ہونے والے کارروائی میں وانزھو کی گرفتاری برقرار رکھنے یا رہائی سے متعلق مقدمہ کی سماعت ہو گی۔سفارتخانے کا مزید کہنا تھا کہ اس گرفتاری سے متعلق خبروں کی اشاعت پر پابندی ہے۔ یہ پابندی منگ وانزھو کی درخواست پر عائد کی گئی ہے، اس لئے فی الوقت ہمارے لئے مزید تفصیلات جاری کرنا ممکن نہیں ہے۔

جمعرات کے روز ہواوے کمپنی کے ایک بیان کہا گیا کہ ہمیں منگ کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق کسی قسم کا علم نہیں ہے۔کمپنی کو منگ پر عائد الزامات کی زیادہ تفصیلات کا علم نہیں اور نہ ہی اس بات کا کہ منگ وانزھو کے اقدامات سے کس کو کتنا گزند پہنچا ہے۔ہواوے نے وضاحت کی کہ امریکا نے کینیڈا سے منگ وانزھو کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان پر نیویارک میں فرد جرم عائد کی جائے سکے۔

تاہم کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی اور کینیڈین عدالتیں منگ کیس میں منصفانہ فیصلہ کریں گی۔بیان کے مطابق ہواوے تمام رائج قوانین، قواعد اور ضوابط کی پاسداری کرتی ہے۔ ان میں یو این، امریکا اور یورپی یونین کی پابندیاں اور کںڑولنگ ضوابط بھی شامل ہیں۔ہواوے دنیا میں مواصلاتی آلات بنانے والی صنعتوں میں ایک نمایاں نام ہے۔