Live Updates

(ن) ،پیپلزپارٹی حکومت کیخلاف بے بنیاد پراپیگنڈے میں مصروف ہے ‘ جمشید چیمہ

غربت کے خاتمے کیلئے اقدامات کے آنیوالے دنوں میں ثمرات سامنے آنا شروع ہو جائینگے‘ مرکزی رہنما

جمعرات 6 دسمبر 2018 15:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت روزگار کی فراہمی اور غربت کے خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے ،(ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کو ملک کا آگے بڑھنا ہضم نہیں ہو رہا اس لئے حکومت کیخلاف بے بنیاد پراپیگنڈے میں مصروف ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پی ٹی آئی نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو بھی وعدے کئے ہیں ان کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

غربت کے خاتمے کیلئے کئی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن کے آنے والے دنوں میں ثمرات سامنے آنا شروع ہو جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کرپشن ملک کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑا پھینکا جائے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی اورکسانوں کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے اور اس کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔حکومت کو جن حالات میں ملک کی ذمہ داری ملی ہے یہ ایک چیلنج ہے لیکن عمران خان کی قیادت میں ان کی ٹیم انشا اللہ نہ صرف اس سے نبرد آزما ہوگی بلکہ ملک کو ترقی کی راہ پرگامزن کیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات