عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے، شاہد سلیم

بھارت مقبوضہ کشمیر میں منظم دہشت گردی کر رہا ہے، مصدق عادل تنازع کشمیر حل نہ ہونے کی وجہ سے پور ا خطہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، وازہ

جمعرات 6 دسمبر 2018 15:30

جموں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ نے عالمی برادی پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میںجاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نوٹس لے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر پیپلز موومنٹ کے چیئرمین میر شاہد سلیم نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے سلسلے میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تمام حدیں پار کر لی ہیں لہذا عالمی برادری کو اپنی مجرمانہ خاموشی توڑتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے۔

انہوں نے قابض انتظامیہ کی طرف سے مزاحمتی رہنمائوں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھار ت کشمیریوں کی پر امن جدوجہد کو دبانے کیلئے ہر اوچھا ہتھکنڈہ استعمال کر رہا ہے ۔

(جاری ہے)

میر شاہد سلیم نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول کیلئے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیںاور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنے پیدائشی حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔

پیپلز پولیٹیکل فرنٹ کے چیئرمین محمدمصدق عادل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںانسانی حقوق کے عالمی دن سے قبل قابض انتظامیہ کی طرف سے مزاحمتی رہنمائوں ،کارکنوں اور عام کشمیری نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر پکڑ دھکڑ کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ 71برس سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے خلاف منظم دہشت گردی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں موجود شہداء کے ہزاروں قبرستان اور گمنام اجتماعی قبریںبھارتی ظلم و ستم کا ثبوت ہیں۔

مصدق عادل نے کہا کہ وحشیانہ بھارتی مظالم پر عالمی برادری کا موثر نوٹس نہ لینا انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے دنیا کے انصاف پسند ملکوں سے اپیل کی کہ نہتے کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی بند کرانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔جموں وکشمیر پیپلز لیگ کے چیئرمین مختار احمد وازہ نے اسلام آباد کے علاقے ہتمورہ میں ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوںنے کہا کہ تنازع کشمیر اب تک حل نہ ہونے کی وجہ سے پورا خطہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے لہذا اس مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔ مختار احمد وازہ نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں پاکستان ، بھارت اور کشمیریوںپر مشتمل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے تک خطے میں دیر پا امن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔