Live Updates

ملک کی ترقی و خوشحال‘ آئین کی بالادستی‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کرپشن کی بیخ کنی سے ہی ممکن ہے‘

موجودہ حکومت کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے‘ چاہے کوئی شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کا جس جماعت سے بھی تعلق ہو’’احتساب سب کیلئے‘‘ وزیر اعظم کا مشن ہے‘ جب تک ملک میں طاقتور اور کمزور دونوں کیلئے قانون برابر نہیں ہو گا قانون کی حکمرانی یقینی نہیں بنائی جاسکتی گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے سلسلہ میں تقریب سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 16:34

ملک کی ترقی و خوشحال‘ آئین کی بالادستی‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحال‘ آئین کی بالادستی‘ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی کرپشن کی بیخ کنی سے ممکن ہے‘ موجودہ حکومت کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے‘ چاہے کوئی شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اس کا جس جماعت سے بھی تعلق ہو’’احتساب سب کیلئے‘‘ وزیر اعظم کا مشن ہے‘ جب تک ملک میں طاقتور اور کمزور دونوں کیلئے قانون برابر نہیں ہو گا‘ قانون کی حکمرانی یقینی نہیں بنائی جاسکتی، ایک سیاستدان کو عام لوگوں سے زیادہ صاف دامن ہونا چاہیے۔

وہ جمعرات کو یہاںالحمراء ہال میں عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری‘ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی جماعت کی تشکیل سے ہی کرپشن کیخلاف آواز بلند کی۔ کرپشن ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ ہے جس کے تدارک کیلئے کوششوں کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

کرپشن کیخلاف نیب کی آگہی کے ساتھ ساتھ اس کے تدارک کیلئے اقدامات لائق تحسین ہیں‘ تاہم کرپشن کیخلاف تمام معاشرے کو ایک ادارے میں تبدیل ہونا ہو گا‘ ایک سوچ میں ڈھلنا اور ایک فکر میں رنگنا ہو گا۔ بلاتفریق احتساب بدعنوانی‘ بدانتظامی کے خاتمے میں بنیادی کردار ادا کریگا‘ اس کیلئے میڈیا‘ سول سوسائٹی‘ تعلیمی اداروں اور نجی شعبے کو بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا ہو گا تب ہی بدعنوانی سے پاک معاشرہ قائم ہو سکتا ہے۔

چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پاکستانی بچوں کا ٹیلنٹ‘ محنت اورعلم یورپ سے کم نہیں۔ بدقسمتی سے جب ہم قانون بناتے ہیں وہ طاقتور کیلئے نہیں ہوتا‘ ملک میں قانون کی حکمرانی‘ اداروں کی مضبوطی تب ہی ممکن ہے جب بلاامتیاز کمزور اور طاقتور کو قانون کی نظر میں برابر تصور کیا جائیگا۔ تاریخ نے ان لوگوں کا نام یاد رکھا جنہوں نے عہدے، دولت اور طاقت سے انصاف کیا اور انسانیت کی خدمت کی‘ کرپشن کو ختم کرکے ہم وہ پاکستان بنانے میں ضرور کامیاب ہونگے جس کا خواب قائد اعظمؒ اور علامہ محمد اقبالؒ نے دیکھا تھا۔

گورنر پنجاب نے نیب کے زیر اہتمام کرپشن کیخلاف آگاہی مہم کے دوران مختلف سکولوں اور کالجز کے طلباء کے درمیان ہونیوالے مضمون نویسی، تقریری مقابلوں‘ ڈراموں کے پوزیشن ہولڈرز میں انعامات بھی تقسیم کئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات