پاکستان کو عالمی سطح پر پولیو زدہ ممالک کی فہرست سے نکلنا ہوگا‘ڈاکٹر یاسمین راشد

پولیو کے خاتمے کا تعلق بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے اور ملک کی اچھی ساکھ دونوں سے ہے‘وزیر صحت ڈپٹی کمشنر ز انسدادپولیو کے اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:10

پاکستان کو عالمی سطح پر پولیو زدہ ممالک کی فہرست سے نکلنا ہوگا‘ڈاکٹر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر پولیو زدہ ممالک کی فہرست سے نکلنا ہوگا۔ پولیو کے خاتمے کا تعلق بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے اور ملک کی اچھی ساکھ دونوں سے ہے۔ پاکستان کو دنیا میں پولیو سے محفوظ ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ میں صوبائی پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں انسداد پولیو اقدامات کے اشاریے مجموعی طور پر مثبت ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جن علاقوں کو حساس قرار دیا گیا ہے وہاں محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ زیادہ متحرک رہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) اعجاز احمد، سپیشل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ محمد خان رانجھا، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمد جبکہ ویڈیو لنک کے ذریعے پنجاب بھر سے ڈپٹی کمشنر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی جی ہیلتھ اور ڈپٹی کمشنرز نے ٹاسک فورس کو انسداد پولیو اقدامات پر بریفنگ دی۔

وزیر صحت نے انسداد پولیو پروگرام، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر اظہار اطمینان کرتے کہا کہ پولیو کا سب سے زیادہ خطرہ دیگر علاقوں سے نقل مکانی کر کے آنے والے خاندانوں سے ہے لہذا انسداد پولیو کی ہر مہم میں ایسے خاندانوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ انہوں نے ڈی جی ہیلتھ کو 5 اضلاع کی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دشوار گزار اور قبائلی علاقوں میں زیادہ افرادی قوت مہیا کی جائے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) اعجاز احمدنے ڈپٹی کمشنر ز کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پولیو کے خاتمے کے اہداف حاصل کرنے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں۔ جن اضلاع میں مخصوص یونین کونسلوں کو حساس قرار دیا گیا ہے وہاں محکمہ صحت کے تعاون سے زیادہ فوکس کیا جائے۔