ملک کا مستبقل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے،آج کے مسابقتی دور میں نوجوان طلباء و طالبات کو مثبت رویوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، ہماری ذاتی اور قومی کامیابی کے لئے تعلیم ایک کلید کی حیثیت رکھتی ہے

سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کاکیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:06

ملک کا مستبقل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے،آج کے مسابقتی دور میں نوجوان ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ ملک کا مستبقل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، آج کے مسابقتی دور میں نوجوان طلباء و طالبات کو مثبت رویوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا، ہمیں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی مساوی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو یہاں جناح کنونشن سنٹر میں کیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اسلام آباد کے کانووکیشن سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہی تھیں۔

معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹرانعام الرحمان تقریب کے مہمان اعزازی تھے جبکہ چانسلر میاں عامر محمود نے کانووکیشن تقریب کی صدارت کی۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ ملک کا مستبقل نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، آج کے مسابقتی دور میں نوجوان طلباء و طالبات کو مثبت رویوں کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری ذاتی اور قومی کامیابی کے لئے تعلیم ایک کلید کی حیثیت رکھتی ہے، ہمیں تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی مساوی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے جدید ٹیکنالوجی اور بالخصوص مصنوعی ذہانیت کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے تقریب کے شرکاء کو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ایجنڈے اور اس کے تحت مقررہ اہداف کے حصول کے سلسلے میں عملدرآمدی فریم ورک کے بارے میں بھی آگاہی دی۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے غربت میں کمی، روزگار کے مواقع میں اضافے اور پائیدار مجموعی ترقی کے بارے میں اپنے تصورات و تجربات بھی پیش کئے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملک کی طاقت ہیں، انہیں ملک کو درپیش مسائل کے قابل عمل حل تلاش کرنے میں کردار ادا کرنا ہو گا۔ اس موقع پر انہوں نے اعزازات اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر انعام الرحمن نے کہا کہ معاشرے کے اچھے اور کار آمد شہری بننے کے لئے نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ کرنی ضروری ہے، اچھی اخلاقی اقدار پرسکون زندگی کے لئے بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لئے ہر فرد کو اپنے حصے کا مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس موقع پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد منصور احمد نے خطبہ اسقبالیہ میں کہا کہ کانووکیشن طلباء اور طالبات کی زندگی کا اہم سنگ میل ہے ان کا ادارہ تمام شعبہ جات میں بہترین تعلیمی فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں مختلف شعبوں کی867گریجوایٹس کو ڈگریاں دے دی گئیں۔

کانووکیشن میں 32طلباء وطالبات کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔54طلباء اور طالبات کو میڈلز جن میں 32سونے ،12چاندی اور 10کانسی کے تمغے شامل تھے ،دیے گئے۔ مجموعی اعلیٰ کارکردگی دکھانے پربی ایس میکینکل انجینئرنگ کے طالب علم فراز قیصر ملک کو جناح گولڈ میڈل دیا گیا۔تقریب کے اختتام پر چانسلرمیاں عامر محمود نے مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔