سو روزہ کارکردگی پر وزیراعظم کی شاباش میری اور میری پوری ٹیم کیلئے انتہائی حوصلہ افزاء اور باعثِ افتخار ہے

خارجہ پالیسی کو علاقائی اور عالمی تناظر میں مثبت انداز میں جدید خطوط پر آگے لے کر بڑھ رہے ہیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹویٹ

جمعرات 6 دسمبر 2018 17:45

سو روزہ کارکردگی پر وزیراعظم کی شاباش میری اور میری پوری ٹیم کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزارتِ خارجہ کی گذشتہ سو روزہ کارکردگی پر وزیراعظم کی طرف سے دی جانے والی شاباش میرے لئے اور میری پوری ٹیم کیلئے انتہائی حوصلہ افزاء اور باعثِ افتخار ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو جاری اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم پہلی دفاعی لائن کے طور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں ملکی مؤقف بین الاقوامی سطح پر پوری تندہی کے ساتھ پیش کرتے رہیں گے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کو علاقائی اور عالمی تناظر میں مثبت انداز میں جدید خطوط پر آگے لے کر بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سو دنوں میں ہم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں پرزور مؤقف دینے، مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے، افغانستان میں قیام امن کیلئے بھرپور کردار ادا کرنے، ہمسایہ ممالک کے باہمی تعلقات کے ازسرنو احیاء، عالمی سطح پر ناموس رسالتؐ کو اٹھانے اور کرتارپور راہداری کھولنے سمیت سفارتی سطح پر بہت سی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔