امیرترین بھارتی اسٹارز کی فہرست جاری، شاہ رخ خان آؤٹ

سلمان خان امیر ترین بھارتی شخصیات میں سب سے اوپر جگہ بنانے میں تیسری بار کامیاب ،ْ کوہلی دوسرے پر آگئے

جمعرات 6 دسمبر 2018 18:11

امیرترین بھارتی اسٹارز کی فہرست جاری، شاہ رخ خان آؤٹ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) بالی وڈ اداکار سلمان خان امیر ترین بھارتی شخصیات میں سب سے اوپر جگہ بنانے میں مسلسل تیسری دفعہ کامیاب رہے ،ْ دوسرے نمبر پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی رہے ،ْ کنگ خان شاہ رخ اس بار ٹاپ ٹین میں سے کسی بھی نمبر پر نہیں ۔بھارتی سیلیبریٹریز کی یہ فہرست امریکی جریدے فوربز میں شائع کی گئی ہے ،ْیہ فہرست ان سیلیبریٹیز کی یکم اکتوبر 2017 سے 30 ستمبر 2018 کے عرصے میں ہونے والی آمدنی کی بنیاد پر تیار کی گئی ۔

سلمان خان اس فہرست میں سب سے اوپر ہیں ،ْان کی فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ اور ’’ریس تھری‘‘ کے 253 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے کے شاندار بزنس نے انہیں بھارت میں سب سے زیادہ آمدنی والا اسٹار بنادیا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی 228 کروڑ 9 لاکھ روپے کما کر دوسرے ،ْ فلم اسٹار اکشے کمار 185 کروڑ کی کمائی سے تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔شاہ رخ خان کی آنے والی فلم زیرو شاید انہیں دوبارہ سے اس فہرست کا حصہ بنا دے لیکن اس دفعہ وہ فہرست کے ٹاپ ٹین میں اپنی جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں، گزشتہ برس وہ دوسرے نمبر پر تھے۔

دیپیکا پڈوکون واحد بھارتی خاتون ہیں جو 112 کروڑ 80 لاکھ روپے کمانے کے بعد فہرست میں چوتھے نمبر پر جگہ بنا سکی ہیں۔پانچویں نمبر پر بھارتی کرکٹر مہندرا سنگھ دھونی ، عامر خان چھٹے ، امیتابھ بچن ساتویں نمبر، رنویر سنگھ آٹھویں جبکہ سچن ٹنڈولکر نویں اور اجے دیو گن دسویں نمبر پر ہیں۔