Live Updates

سول و عسکری اداروں میں شاندار ہم آہنگی ہے، بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں،چودھری فواد حسین

عمران خان کے وزیر اعظم کامنصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب اور چین کیساتھ تعلقات کو نئی بلندی اور وسعت ملی ہے، پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے،سی پیک اہم اقتصادی منصوبہ ، یورپی یونین سمیت دیگر ممالک استفادہ کر سکتے ہیں،کرتارپور راہداری کے افتتاح سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، بھارت کشمیر پر اپنے نقطہ ء نظر کا دوبارہ جائزہ لے،یہ اراضی کا نہیں انسانی مسئلہ ہے،تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا معاشرے کے متوسط طبقے کا بدعنوانی اور’ سٹیٹس کو‘ کیخلاف انقلاب ہے، پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں، بدعنوانی کا خاتمہ اور شفافیت موجودہ حکومت کا نعرہ ہے، وزیر اطلاعات کا تقریب سے خطاب

جمعرات 6 دسمبر 2018 19:38

سول و عسکری اداروں میں شاندار ہم آہنگی ہے، بھارت سمیت تمام ہمسایوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے کہا ہے کہ سول و عسکری اداروں میں شاندار ہم آہنگی ہے، بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، عمران خان کے وزارت عظمیٰ کامنصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب اور چین کیساتھ تعلقات کو نئی بلندی اور وسعت ملی ہے، پاک امریکہ تعلقات میں بہتری آ رہی ہے،سی پیک اہم ترین اقتصادی منصوبہ ہے، یورپی یونین سمیت دیگر ممالک اس اقتصادی مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں،کرتارپور راہداری کے افتتاح سے نئی تاریخ رقم ہوئی ہے، بھارت کشمیر پر اپنے نقطہ ء نظر کا دوبارہ جائزہ لے،یہ اراضی کا نہیں انسانی مسئلہ ہے،تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا معاشرے کے متوسط طبقے کا بدعنوانی اور’ سٹیٹس کو‘ کیخلاف انقلاب ہے، پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں، بدعنوانی کا خاتمہ اور شفافیت موجودہ حکومت کا نعرہ ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بات جمعرات کو اانٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جسے دنیا پوری طر ح جان نہیں سکی۔ انہوں نے کہا کہ1980ء سے تباہ کن حالات کا سامنا رہا، کوئی اور ملک ایسے حالات کا شکار ہوتا تو اس کا بچ نکلنا مشکل تھا لیکن پاکستان ان تمام چیلنجزسے نبرد آزما ہوا اور مسلم ممالک اور تیسری دنیا میں جدید ملک بن کر سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام ادارے فعال ہیں اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عدلیہ آزاد اور متحرک میڈیا ہے، یہاں میڈیا کو بے مثال آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میںحکومت کا قیام پاکستانی قوم کی سیاسی پختگی کا ظہر ہے، پاکستان تحریک انصاف کا اقتدار میں آنا معاشرے کے متوسط طبقے کا بد عنوانی اور’ سٹیٹس کو‘ کیخلاف انقلاب ہے، قانون شکن اور طاقتو ر افراد قانون کے شکنجے میں آئے ہیں، پہلی بار طاقتور افراد قانون کا دباؤ محسوس کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کرتارپور راہداری کے افتتاح سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی، ہم انتظار میں ہیں کہ بھارت کشمیر پر اپنے نقطہ ء نظر کا دوبارہ جائزہ لے،کشمیر اراضی کا نہیں بلکہ انسانی مسئلہ ہے،امید ہے کہ ایک دن پاکستانی مسلمانوں کو اجمیر شریف کی درگاہ پر جانے کی اجازت ملے گی۔انہوں نے کہاکہ امریکہ عالمی طاقت ہے ، اس کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں، وزیراعظم پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بہتر ین تجویز پیش کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے آنے سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آ رہی ہے۔ امریکی صدر کا پاکستان کے وزیر اعظم کو خط اور افغانستان کیلئے خصوصی نمائندہ زلمے خلیل زاد کی وزیراعظم سے ملاقات، تعلقات میں بہتری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے افغانستان میں امن و استحکام کیلئے بہتر ین تجویز پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے منصب سنبھالنے کے بعد سعودی عرب اور چین کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندی اور وسعت ملی ہے۔ وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ عمران خان کی ترجیح عوام کو غربت سے نجات دلانا ہے، موجودہ حکومت کی پالیسیاں اسی مقصد کے حصول کیلئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل پر یقین رکھتا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میں گامزن ہے، بدعنوانی کا خاتمہ اور شفافیت موجودہ حکومت کا نعرہ ہے ، عوامی خواہشات کے مطابق کرپشن کے خلاف اقدامات جاری رکھیں گے اور بدعنوان افراد سے پاکستانیوں کی لوٹی گئی رقم بیرون ملک سے وطن واپس لائی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب جیسے پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومتی منشور کا اہم حصہ ہے، عوام، حکومت اور سول سوسائٹی سمیت تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے خطے میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان درست سمت میںگامزن ہے،اب تک موجودہ حکومت کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ بعدازاں وزیر اطلاعات نے انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹیڈیز کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقات کی۔ وزیر اطلاعات کو انسٹیٹیوٹ کے ڈھانچے اور ورکنگ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات