محکمہ داخلہ پنجاب کا شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ ،جیل حکام کو آگاہ کر دیا

جیل کی میڈیکل ٹیم نے قائد حزب اختلاف کا طبی معائنہ کیا ،آج جناح ہسپتال کی میڈیکل ٹیم بھی طبی معائنہ کریگی نیب دفتر سے شہباز شریف کا کمبل ،ادویات ،ڈائری سمیت دیگر استعمال کی اشیاء کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی گئیں‘ ذرائع

جمعرات 6 دسمبر 2018 20:13

محکمہ داخلہ پنجاب کا شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف و سابق وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ کر لیا ، جیل کی میڈیکل ٹیم نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا جبکہ آج (جمعہ ) جناح ہسپتال کی میڈیکل ٹیم جیل جا کر طبی معائنہ کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی طرف سے محکمہ داخلہ کو درخواست دی گئی تھی کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب ہیں اور انہیں استحقاق کے مطابق بی کلاس دی جائے ۔

جس پر محکمہ داخلہ پنجاب نے شہباز شریف کو کوٹ لکھپت جیل میں بی کلاس دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے جیل حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر کو جیل میں بی کلاس کی تمام سہولیات جن میں گھر سے کھانا ،اخبار ،ٹی وی ،ہیٹر ،پنکھا ،بیڈ و دیگر شامل ہوں گی۔علاوہ ازیں جیل منتقلی کے بعد کوٹ لکھپت جیل کی میڈیکل ٹیم نے شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آج (جمعہ )کو جناح ہسپتال کی میڈیکل ٹیم بھی جیل جا کر شہباز شریف کا مکمل طبی معائنہ کرے گی ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب دفتر سے شہباز شریف کا کمبل ،ادویات ،ڈائری سمیت دیگر استعمال کی اشیاء کوٹ لکھپت جیل پہنچا دی گئی ہیں جنہیں جیل حکام کے حوالے کیا گیا ۔ڈاکٹروں نے شہباز شریف کو طبیعت ناسازی کے باعث آرام اور ہوا دار کمرے اور بروقت ادویات کھانے کی ہدایت دے رکھی ہے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے آشیانہ ہائوسنگ سکیم کیس میں گرفتار قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا ۔