وزیراعظم آزادجموں وکشمیرکی قیادت میں ترقی یافتہ اور خوشحال کشمیر کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ، وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس

جمعرات دسمبر 20:17

مظفرآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا مسلم لیگ ن کی حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں ترقی یافتہ اور خوشحال کشمیر کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ حکومتی مشینری جذبے کیساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

وزیراطلاعات نے ان خیالات کا اظہار شہریوں کے مسائل سننے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔وزیر اطلاعات نے اس موقع پر کئی احکامات موقع پر ہی جاری کئے۔راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کی تین ترجیحات تھیں،مسئلہ کشمیر،تعمیر وترقی اور گڈ گورننس،الحمد للہ ہم نے تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کے ساتھ عوام کو ریلیف دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا گیا ہے جن کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئیگی۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی یونیورسٹیاں اپنے طلباء کے لئے بین الاقوامی یونیورسٹیوں میں سکالر شپس حاصل کر رہی ہیں یہ مستقبل میں انتہائی کارآمد سرمایہ کاری ثابت ہو گی۔انہوں نے کہا نوجوان کسی بھی ریاست کا مستقبل ہوتے ہیں ان کے تابناک کیرئیر کیلیے ریاست تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو بھی اپنا اہم کردار ادا کرنا ہے جہاں جہاں تعمیر و ترقی کے کام جاری ہیں ان مقامی لوگوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اس کام پر نظر رکھیں اور اگر کسی قسم کی شکایت ہو تو متعلقہ وزیر تک اپنے تحفظات پہنچائیں تاکہ اس پر فوری ایکشن لیا جائے۔وزیر اطلاعات نے فردا فردا لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کئے۔