یاسر شاہ نے عالمی ریکارڈ اپنی والدہ کے نام کر دیا

اپنا ورلڈ ریکارڈ اپنی والدہ کے نام کرتا ہوں۔200ٹیسٹ وکٹ لینا میرا خواب تھا،جو آج پورا ہوگیا،یاسر شاہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 6 دسمبر 2018 19:20

یاسر شاہ نے عالمی ریکارڈ اپنی والدہ کے نام کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) ٹیسٹ کرکٹر یاسر شاہ نے 200 وکٹیں لینے کے اعزاز کو اپنی والدہ کے نام کر دیا۔تفصیلات کے مطابق یاسر شاہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے تیسرے میچ کی دوسری اننگز میں کیوی بلے باز ولیم سمر ویلے کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا۔ان سے قبل آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ اسپینر کلیری گریمیٹ نے 82سال قبل 1936ء میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

کلیری گریمیٹ نے اپنے 36ویں میچ میں 2سو وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا تھا جبکہ یاسر شاہ نے 3میچ قبل ہی اپنے 33ویں میچ میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں لینے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں روی چندر ایشون تیسرے نمبر پر ہیں جنہوں نے یہ کارمانہ 37ویں میچ میں انجام دیا تھا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے وقار یونس اور آسٹریلیا کے ڈیننس للی اس فہرست میں مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر ہیں جنہوں نے 38،38میچوں میں 200 وکٹیں حاصل کرلی تھیں۔

وقت کے اعتبار سے بات کی جائے تو یاسر شاہ تیز ترین 200وکٹیں لینے والے دوسرے بالر ہوں گے کیونکہ انہوں نے یہ سنگِ میل 4 سال اور 42دن میں عبور کیا ہے جبکہ انگلینڈ کے عظیم آل رائونڈر سر این بوتھم نے 4سال 30دن میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 200وکٹیں مکمل کرلی تھیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا تھا کہ اپنا ورلڈ ریکارڈ اپنی والدہ کے نام کرتا ہوں۔200ٹیسٹ وکٹ لینا میرا خواب تھا،جو آج پورا ہوگیا۔میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کین ولیمسن شاندار کھیلے، ہماری فیلڈنگ اچھی نہیں تھی۔ہم اب بھی میچ جیت سکتے تھے لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں کیچ چھوٹ جاتے ہیں۔