سانحہ ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کو پھانسی کا پھندا نظر آ رہا ہے،فیاض الحسن چوہان

(ن) لگی کارکنوں نے حمزہ شہباز شریف کی ہدایات پر احتساب عدالت کے باہر غنڈہ گردی کی،صوبائی وزیر اطلاعات کی پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 6 دسمبر 2018 21:24

سانحہ ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کو پھانسی کا پھندا نظر آ رہا ہے،فیاض ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں شہباز شریف کو پھانسی کا پھندا نظر آ رہا ہے۔ اس لئے (ن) لگی کارکنوں نے حمزہ شہباز شریف کی ہدایات پر احتساب عدالت کے باہر غنڈہ گردی کی۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ احتساب عدالت کے باہر 150 لیگی کارکنان کی جانب سے کی جانے والی بد معاشی کی مذمت کرتے ہیں اور اسمبلی کے ایوان میں توڑ پھوڑ اس کے باہر لیگی کارکنوں کی غنڈہ گردی کو پولیس حوصلے کے ساتھ برداشت کرتی رہی جبکہ پولیس پر پھینکے جانے والے انڈے بھی ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت مریم اورنگزیب لے کر آئیں۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں 14افراد کے قتل پر شہباز شریف کی پھانسی کا پھندا نظر آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کل انہوں نے حمزہ شہباز شریف کو اجلاس میں شرکت کے لئے اسمبلی بلایا مگر وہ احتساب عدالت کے باہر غنڈہ گردی کرنے چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون سے متعلق نئی جے آئی ٹی پر عملدرآمد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دور مختلف ہے۔ ہم نے 14 بندے نہیں مارے اور نہ ہی حاملہ عورتوں پر گولیاں برسائیں۔ فیاض الحسن چوہان حسب روایت آصف علی زرداری پر برس پڑے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی حیثیت سڑک کنارے پر بیٹھے نجومی جیسی ہے جبکہ ایان علی وعدہ معاف بننے کے لئے تیار ہو گئی ہیں۔