وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے جرمن سفیر کی ملاقات

، باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت

جمعرات دسمبر 21:30

وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے جرمن  سفیر کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی سے جرمنی کے سفیر نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں ممالک کے مابین باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جرمنی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے سرمایہ کاری کرنا چاہئیے۔

انہوںنے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر کے ساتھ وزارت خارجہ میں ملاقات کی اور دونوںممالک کے مابین باہمی تعلقات کو مضبوط سیاسی اور معاشی تعلقات کو مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جرمنی کے ساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک کے اندر بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ماحول کو سازگار بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں، توانائی، زراعت ، ویسٹ مینجمنٹ ، کان کنی اور دیگر شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کیلئے پالیسی ترتیب دی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے جرمنی کی جانب سے انرجی فورم قائم کرنے پر شکریہ ادا کیااور صوبہ خیبر پختونخواہ ، جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان میں ہائیڈرو پاور میں سرمایہ کاری کرنے کی تجویز پیش کی۔انہوںنے جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر کو جرمنی میں ہنرمند پاکستانیوں کو جرمنی میں بھجوانے کی بھی تجویز پیش کی۔پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر مارٹن کوبلر نے ملاقات کے دوران جرمنی کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی اور باہمی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے جرمنی میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو مثبت کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ شمیم محمود