راولپنڈی، دھماکہ خیز مواد اور شر انگیز لٹریچر کی برآمدگی کے مقدمہ میں سزا یافتہ تینوں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ معطل

جمعرات 6 دسمبر 2018 21:59

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2018ء) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس ملک شہزاد احمد خان گھیبہ اور راجہ شاہد محمود عباسی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے دھماکہ خیز مواد اور شر انگیز لٹریچر کی برآمدگی کے مقدمہ میں سزا پانے والے تینوں ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت کا فیصلہ معطل کر دیا ہے اور تینوں ملزمان کو5لاکھ روپے فی کس مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)نے نعمان کے خلاف20ستمبر2017،محمد حفیظ کے خلاف 6دسمبر2017اور عبدالجبار کے خلاف24جنوری2018کو مقدمات درج کئے تھے جن میں ملزمان پر شر انگیزی مواد ، ڈیٹونیٹر اور دیگر دھماکہ خیز اشیا برآمدکی تھیں جبکہ ملزمان پر کالعدم تحریک طالبان اور لشکر جھنگوی سے تعلق کا بھی الزام تھا جس پرانسداد دہشت گردی راولپنڈی کی عدالت نمبر1نے محمد حفیظ کو جرم ثابت ہونے پر 2سال قید اور عدالت نمبر 3نے نعمان حسین اور عبدالجبارکوبالترتیب2سال اور ڈیڑھ سال قید کی سزا سنائی تھی ملزمان نے مولانا وجیہہ اللہ خان ایڈووکیٹ کے ذریعے ماتحت عدالت کے فیصلے کو عدالت عالیہ میں چیلنج کیا تھا جہاں پر گزشتہ روز عدالت نے مولانا وجیہہ اللہ ایڈووکیٹ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے ماتحت عدالوں کے فیصلے کو معطل کر دیا اور تینوں ملزمان کو5لاکھ روپے فی کس کے مچلکوں پر رہا کرنے کا حکم دے دیا