لکی مروت، ضلعی انتظامیہ کا واجبات وصولی اور کنڈہ کلچر کے خاتمے کے لئے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل د یدیں، کریک ڈائون کا اعلان

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:03

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2018ء) ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ نے بجلی سے متعلق عوام کو درپیش مسائل کے حل، واجبات وصولی اور کنڈہ کلچر کے خاتمے کے لئے انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے آج(بروز جمعہ) سے ضلع بھر میں بجلی چوروں اورڈیفالٹرز کے خلاف کریک ڈائون کا اعلان کردیا، پہلے مرحلے میں سرکاری محکموں، کمرشل اداروں، انڈسٹریز اور واپڈا ملازمین پر ہاتھ ڈالا جائے گا۔

یہ اعلان کمشنر بنوں سید عبدالجبار شاہ نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز کمپلیکس تاجہ زئی میں ایک بڑے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ریجنل پولیس آفیسر عبداللہ خان، ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر، ایم این اے مولانا محمد انور، ایم پی ایز منور خان و حاجی انور حیات خان، ڈی پی او آصف گوہر،ضلع ناظم ایڈووکیٹ اقبال حسین، نائب ناظم حاجی عرب خان، ایس ایس پی ایف آر پی کفایت اللہ خان وزیر، ایڈیشنل ڈی سی نور الامین، اے سی ٹرائبل سب ڈویژن ریاض محسود اور پیسکو حکام سمیت مشران علاقہ اور بلدیاتی نمائندے موجود تھے۔

(جاری ہے)

کمشنر سید عبدالجبار شاہ نے کہا کہ زائد بلوں، ناجائز جرمانوں اور میٹروں کی تنصیب میں تاخیر جیسے مسائل کے فوری حل کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس میں سیل بنایا جارہا ہے جس میں پیسکو کا ایس ڈی او لیول کا افسر بیٹھے گا اور انتظامیہ کے تعاون سے لوگوں کو درپیش بجلی سے متعلقہ مسائل حل کرنے کا ذمہ دار ہوگا، اس وقت لکی مروت کے ذمہ اربوں روپے کے واجبات ہیں جن کی وصولی کئے بغیر پیسکو کے لئے لوگوں کو بجلی کی سہولت فراہم کرنا ممکن نہیں ،لوڈ شیڈنگ اور کم وولٹیج کے مسائل تب ہی ختم ہوں گے جب ریکوری بہترہو گی اور کنڈہ کلچر کا سد باب ہوگا۔

ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر نے مہم کامیاب بنانے میں بلدیاتی نمائندوں اور مشران سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ واجبات وصولی یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی کنکشنوں کے ذریعے بجلی استعمال کرنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، قانون سے کوئی بالاتر نہیں پیسکو سے بجلی چوروں اور پاور ڈیفالٹرز کی فہرستیں حاصل کر لی گئی ہیں اب کوئی نہیں بچ پائے گا۔

آر پی او عبداللہ خان نے مہم کے دوران پولیس کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ بجلی چوروں کے لئے سزائیں سخت ہیں انہیں کئی سال کی جیل ہوگی ،مشران لوگوں کو آگہی دیں کہ وہ قید و بند کی صعوبتوں سے بچنے کے لئے صحیح طریقے سے بجلی استعمال کریں۔ اس موقع پر مولانا اصغر علی، ملک قادر خان بیٹنی،محمد حلیم خان، روزی خان، محمد اکرم خان ایڈووکیٹ، اشفاق بیٹنی، عرفان اللہ، حکیم اصغر اور حاجی ہدایت اللہ خان نے ٹرانسمیشن لائن کی بوسیدہ اور پرانی تاروں کی فوری تبدیلی، اوور بلنگ اور ناجائز جرمانوں کے خاتمے، وولٹیج کی بہتری، غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند کرنے، گھریلو صارفین کے لئے فی یونٹ ریٹ کم اور سلیب ختم کرنے، بجلی چوری کی آڑ میں پورے پورے دیہاتوں کی بجلی بند کرنے سے احتراز برتنے، لکی سیمنٹ کی اضافی بجلی پیسکو کے ذریعے لکی مروت کے عوام کے لئے استعمال میں لانے اور خراب ٹرانسفارمروں کی مرمتی کے مطالبات کئے۔