بل اینڈملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے وفد کا صوبائی وزیر صحت سے ملاقات

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:03

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) بل اینڈملینڈا گیٹس فائونڈیشن (بی ایم جی ایف) کے ایک وفد نے فائونڈیشن کی ڈائریکٹر مسٹر جے وینگر کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان سے ان کے دفتر میں جمعرات کے روزایک اجلاس منعقد کیاجس میں پولیو کے خاتمے سے متعلق امور پر تفصیلی بحث ہوئی اجلاس میں سیکرٹری صحت سید فاروق جمیل ، محکمہ صحت اور پولیو اریڈیکیشن کے اعلیٰ افسروں نے بھی شرکت کی اور خیبر پختونخوا سمیت ارد گرد قریبی علاقوں میں پولیوکی صورتحال پر تفصیلی گفت و شنید کی گئی جس میں پولیوکے خاتمے کیلئے کئے گئے اقدامات، مختلف مہمات اور پیش رفت سمیت پولیو کے خاتمے کیلئے کام کرنے والے محکمہ صحت کے اہلکاروں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے امور بھی زیر غور آئے وفد کے ارکان نے صوبائی وزیر کو اپنی تنظیم کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا کہ ان کی تنظیم دنیا کے مختلف ممالک میں بہت سارے اجتماعی عوامی مسائل پر مقامی حکومتوں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے تا ہم پوری دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے اقدامات کو اولیت دیتی ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر صحت نے اجلاس کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے صحت کی سہولیات میں بہتری لانے کیلئے صحت ایڈوائزری کونسل قائم کی ہے جس میں صحت سے متعلق تمام ملکی اور غیر ملکی تنظیموں کو نمائندگی دی گئی ہے جہاں پر ایک جامع پالیسی ترتیب دی گئی ہے جس کے نتیجے میں آئندہ پانچ سالوں میں بنیادی اور درمیانی سطح پر عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کو فعال بنانے کے ساتھ اعلیٰ اداروں کو مزید مضبوط بنایا جائے گاجبکہ اس پالیسی کو عملی شکل دینے کیلئے ایک لائحہ عمل تیارکیا گیا ہے جسکو وقتا فوقتا مزید بہتر بنانے کیلئے مشاورت ہوتی رہتی ہے جس کا مقصد شعبہ صحت کام کرنے والے تمام اداروں کو ایک سمت میں کام کرنے کیلئے اکٹھا کرنا ہے ۔

صوبائی وزیر صحت نے وفد کے ارکان کو ایڈوائزری کونسل کی آئندہ اجلاس میں شرکت کیلئے دعوت دی جسے انہوں نے قبول کیا ۔ اس موقع پر صحت کے مسائل میں صاف پانی کی اہمیت اور پختونخوا کی جنوبی اضلاع میں عوام کو درپیش مسائل بھی زیر بحث آئے جبکہ وزیر صحت نے وفد کے ارکان سے اس مسئلے میں مدد کرنے کی بھی اپیل کی ۔

متعلقہ عنوان :