متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لئے حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سنجیدہ کوشش کر رہے ہیں،وسیم اختر

اب جب حکومت سنجیدگی سے کوشش کر رہی ہے تو ہر ایک متاثرہ دکاندار کو ضرور متبادل جگہ ملے گی جو مستقل ہوگی،میئر کراچی

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:03

متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لئے حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سنجیدہ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ متاثرہ تاجروں کی بحالی کے لئے حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سنجیدہ کوشش کر رہے ہیں تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا تاجر مطمئن ہوں اگر میں یہ سمجھتا کہ اس مسئلے میں حکومت سنجیدہ نہیں تو سب سے پہلے میں احتجاج کرتا، اب جب حکومت سنجیدگی سے کوشش کر رہی ہے تو ہر ایک متاثرہ دکاندار کو ضرور متبادل جگہ ملے گی جو مستقل ہوگی، وزیر اعلیٰ سند ھ کی ہدایت پر قائم کمیٹی وزیر بلدیات سعید غنی کی سربراہی میں کام کر رہی ہے جس کے دو اجلاس ہوچکے ہیں متاثرہ تاجروں کو جلد متبادل دیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کی قیادت میں مختلف علاقائی تاجر انجمنوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ متبادل دینے کا تمام کام کمشنر ہائوس میں ہوگا جس میں سرکاری افسران مقرر کر رہے ہیں ایک ذیلی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے وقار مہدی کی سربراہی میں اس نے بھی کام شروع کردیا ہے، اس کام کی مکمل نگرانی ہو رہی ہے اور یہ کام سو فیصد شفاف طریقے سے ہوگا، انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ اس کمیٹی میں شمولیت کے لئے اپنے نمائندے بھی تجویز کریں ہر مارکیٹ کا ایک ایک نمائندہ اس کمیٹی میں ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اس سنجیدہ مسئلے پر ذاتی سیاست کر رہے ہیں وہ درست نہیں ہے، حکومت اس میں سنجیدہ ہے کہ لوگوں کو متبادل ملے انہوں نے کہا کہ تاجر اپنی چیزوں کو خود درست کریں تاکہ عملے کو کارروائی نہ کرنی پڑے ہم نہیں چاہتے کہ کسی کو بلاوجہ تکلیف ہو،سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ نے کہا کہ انسداد تجاوزات میں متاثرہ تاجروں کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں اگر کوئی انفرادی طور پر کسی سیاسی جماعت کے پلیٹ فارم پر ہے تو اس کا تاجروں کی تنظیموں اور علاقائی انجمنوں سے کوئی تعلق نہیں، تمام تاجر انجمنوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہمارا سیاست یا سیاسی جماعتوں سے کوئی تعلق نہیں جو سیاسی جماعتیں متاثرہ تاجروں کے حوالے سے احتجاج کر رہی ہیں دراصل درپردہ وہ اپنی سیاست کے لئے متاثرہ تاجروں کا نقصان کر رہی ہیں، یہ وہ لوگ ہیں متاثرہ تاجروں کا ہونے والا کام خراب کر رہے ہیں ہم متاثرہ تاجر حکومت اور میئر کراچی کے آباد کاری اور بحالی کے پلان سے مطمئن ہیں اور ہمیں توقع ہے کہ ہر تاجر کی بحالی کو ممکن بنایا جائے گا، انہوں نے تاجر حضرات سے کہا کہ وہ ہوشیار رہیں، ایمپریس مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹوں کے حوالے سے کچھ ایسے لوگ سرگرم ہیں جو نہیں چاہتے کہ مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو بلکہ وہ مسئلے کو الجھانا چاہتے ہیں مگر ہم کسی بھی قسم کی سیاست میں الجھنا نہیں چاہتے، ہم تاجر صرف اپنی بحالی چاہتے ہیں تاکہ ہمارا روزگار بحال ہو حکومت کے اقدامات سے ہم مطمئن ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ بحالی کا عمل جلد شروع ہوگا۔