پاکستان پیپلزپارٹی احتساب سے خوفزدہ نہیں، بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے، پی پی پی جمہوریت کے لئے طویل جدوجہد کی تاریخ رکھتی ہے، سینیٹر شیری رحمن

جمعرات دسمبر 22:35

پاکستان پیپلزپارٹی احتساب سے خوفزدہ نہیں، بلا امتیاز احتساب پر یقین ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی احتساب سے خوفزدہ نہیں، تاہم بلا امتیاز احتساب پر یقین رکھتی ہے، پی پی پی جمہوریت کے لئے طویل جدوجہد کی تاریخ رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سینیٹر شیری رحمن نے سینیٹر فرحت اللہ بابر اور سید نیئر حسین بخاری کے ہمراہ جمعرات کو نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے پہلے 105 دنوں میں کوئی قانون سازی کی اور نہ ہی قومی اسمبلی کی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ شیری رحمن نے خیال ظاہر کیا کہ ملک کے اقتصادی حالات بحرانی ہیں، تیل کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات بھی عوام تک نہیں پہنچ سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قرضوں سے متعلق تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر بہت بڑھ چکی ہے، جس پر تشویش ہے۔

حکومت نے پی اے سی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور اس کے تسلسل کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، جمہوری اقدار پر یقین رکھتے ہیں، جے آئی ٹی کی جانب سے بلاول بھٹو کو دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے، پہلے گلگت بلتستان اور اب سکھر جلسے کے بعد بلاول بھٹو کو ایک بار پھر نوٹس جاری کیا گیا، پیپلز پارٹی احتساب سے پیچھے نہیں ہٹی لیکن احتساب بلا امتیاز ہونا چاہیے۔