جہانگیر ترین نے تحریک انصاف سے خود کو الگ کرلیا

تحریک انصاف میں اب میرا کوئی کردار نہیں ہے، جہانگیر ترین

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات دسمبر 20:19

جہانگیر ترین نے تحریک انصاف سے خود کو الگ کرلیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 دسمبر 2018ء) جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ میرا تحریک انصاف میں اب کوئی عمل دخل نہیں رہا۔تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین اپنی نااہلی کے باوجود سیاست میں کافی اثر رسوخ رکھتے ہیں۔وفاق سے لے کر پنجاب تک میں تحریک انصاف کی حکومت بنانے میں جہانگیر ترین کا ایک بڑا کردار ہے بالخصوص آزاد امیدواروں کو تحریک انصاف کا حصہ بنا کر تحریک انصاف کی پوزیشن کو بہتربنانے میں جہانگیر ترین کا کلیدی رول نظر آتا ہے ۔

تاہم یہی وجہ ہے کہ پارٹی کے اکثر اراکین بھی جہانگیر ترین سے نالاں نظر آتے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف نے جہانگیر ترین کے کردار کو سراہتے ہوئے ان کی ہمشیرہ کو سینیٹ کا ٹکٹ جاری کیا ۔تاہم بہت سے حلقوں میں جہانگیر ترین کے کردار کو لے کر خاصی بے چینی بھی پائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

کچھ روز قبل عمران خان کے سیاسی استاد سمجھے جانے والے معروف صحافی و تجزیہ کار ہارون رشید نے جہانگیر ترین پر سنگین الزامات عائد کئیے۔

انکا کہنا تھا کہ جہانگیر بڑا حریص آدمی ہے اقتدار کے معاملے میں وہ وزیراعظم بننا چاہتا تھا، عمران خان کے ہوتے ہوئے تو نہیں بن سکتا تھا لیکن وہ اس کا جانشین ضرور بننا چاہے گا۔انکا مزید کہنا تھا کہ یہ بات بھی بالکل ٹھیک ہے کہ وہ اسد عمر کے خلاف ہے ۔انکا کہنا تھا کہ بس یہی اقتدار کی ہوس پے بہت کم لوگ اس سے بچ پاتے ہیں۔تاہم جہانگیر ترین نے اپنے سیاسی کردار کے حوالے سے اہم ترین بیان جاری کر دیا ہے۔جہانگیر ترین نے سینئیر اینکر ندیم ملک کو دیتے ہوئے اپنے سیاسی کردار پر بات کی۔جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں اب میرا کوئی سیاسی کردار نہیں رہا۔