سپریم کورٹ کا جیکب آباد کے 648 ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا حکم

نیب 648 ترقیاتی منصوبوں کی 3 ماہ میں تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کرے اور ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کرے ،ْ چیف جسٹس

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:50

سپریم کورٹ کا جیکب آباد کے 648 ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا حکم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو جیکب آباد کے 648 ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔ جمعرات کو چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں خردبرد کے معاملے کی سماعت کی۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کون تھے وہ وزیر اور وہ کہاں ہیں۔

وکیل نے جواب دیا کہ اعجاز جاکھرانی عدالت میں موجود ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیف جسٹس نے نیب وکیل سے استفسار کیا کہ نیب کی انکوائری کے مطابق منصوبے کے لیے کتنا پیسہ آیا تھا، اعجاز جاکھرانی کتنا پیسہ کھا گئے ہیں۔نیب وکیل نے جواب دیا کہ ان کے پاس 176 ایکڑ زرعی زمین ہے، کٴْل 648 اسکیمیں تھیں جو کاغذات پر تو موجود ہیں مگر زمین پر کچھ نہیں جبکہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کی رپورٹ کے مطابق 23 اسکولوں کی عمارت ہی موجود نہیں۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے ڈی سی جیکب آباد کی رپورٹ پر اعتراض کیا تو چیف جسٹس نے انہیں بات کرنے سے روک دیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ سندھ میں ہم نے بہت برے حالات دیکھے، کاغذات میں تو اسکیمیں مکمل ہیں لیکن دورہ کیا تو وہاں کچھ نہیں تھا۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ ڈی سی کے ساتھ نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کو بھی تخمینہ لگانے کا کہا جائے، چیف جسٹس نے انہیں کہا کہ آپ اپنی نشست پر تشریف رکھیں۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے عدالت میں سندھ کے ایک زیر تعمیر اسکول کی تصویر اٹھا کر لہراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کے کام کا یہ معیار ہے، یہ بدترین قسم کی کرپشن ہے۔عدالت نے نیب کو جیکب آباد کے 648 ترقیاتی منصوبوں کی تحقیقات کا حکم دیا۔عدالت کا کہنا تھا کہ نیب 648 ترقیاتی منصوبوں کی 3 ماہ میں تحقیقات کرکے ذمہ داران کا تعین کرے اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔عدالت نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔