وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کی زیر صدارت اجلاس، ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بین الصوبائی رابطہ کاری ، دیگر معاملات پر تبادلہ خیال

حکومت نے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ، فہمیدہ مرزا

جمعرات دسمبر 22:53

وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ کی زیر صدارت اجلاس، ملک میں کھیلوں کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں کھیلوں کا معیار بہتر بنانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ،اس ضمن میں عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے یہ بات جمعرات کو فیڈرل گورنمنٹ سپورٹس کوآرڈنیشن کمیٹی ( ایف ایس سی سی ) کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جو سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بین الصوبائی رابط کاری کے علاوہ دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس کے علاوہ سپورٹس کی صوبائی اور قومی پالیسیوں نیشنل گیمز 2019ء کے انعقاد اور 13ویں سائوتھ ایشیائی گیمز 2019ء کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

مزید برآں 32ویں اولمپک گیمز 2020کی تیاریاں بھی زیر غور آئیں ۔وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اجلاس کے شرکاء کا خیر مقدم کیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ اگرچہ اختیارات کی منتقلی کے بعد کھیلوں کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو گیا ہے تاہم چونکہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہیں اس لئے مرکز اور صوبوں کے درمیان بہتر رابطہ کاری زیادہ بہتر ہے ۔

ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان میں کھیلوں کے گرتے ہوئے معیار کی وجوہات کا پتہ چلانے پر زور دیا اور شرکاء سے مرکز اور صوبوں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کیلئے رائے طلب کی ۔ اجلاس میں کھیلوں کا معیار بڑھانے کے طریقوں اور درپیش مسائل پر بھی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ اجلاس میں پنجاب کے وزیر کھیل و نوجوانان محمد تیمور خان ، بلوچستان کے وزیر کھیل عبد الخالق ، سیکرٹری سپورٹس سندھ ہارون خان، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کے پی کے جنید خان ، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ جمیل احمد ، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس بورڈ خاقان بابر اور سپورٹس بورڈ کے افسران نے بھی شرکت کی ۔