وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی سے جاپان کی قومی اسمبلی کے لیجیسلیٹو بیورو کے ماہرین کی ملاقات

جمعرات 6 دسمبر 2018 22:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) جاپان کی قومی اسمبلی کے لیجیسلیٹو بیورو کے ماہرین نے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران برآمدات کے فروغ اور تجارتی توازن اور عام آدمی کے مسائل حل کرنے کے تناظر میں سٹینڈرڈز اور کوالٹی کنٹرول سے متعلق امور بالخصوص اس حوالے سے مثالی قانون تیار کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے اس حوالے سے کئے گئے اقدامات پر معزز وفد کو بریفنگ دی گئی۔ وفد کو بتایا گیا کہ وزارت قانون و انصاف قوانین میں آسانی پیدا کرنے کی خواہاں ہے اور اس سے صارفین اور مینوفیکچررز کے لئے سازگار ماحول بنانا چاہتی ہے۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ مینوفیکچررز کا کردار انتہائی اہم ہے اور ان کے لئے قانون سازی ضروری ہے جبکہ سٹینڈرڈز اور کوالٹی کنٹرول کے جائزے کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یہ اتفاق کیا گیا کہ ایکریڈیٹیشن اور سرٹیفکیشن کا ایک ادارہ ہونا چاہیے۔ وفد کو بتایا گیا کہ وزارت سے منسلک اداروں کی ری سٹرکچرنگ کر کے ایک ادارہ بنا دیا گیا ہے۔ وزارت نے کوالٹی کنٹرول اور سٹینڈرڈز کی علاقائی سٹڈی کی تجویز پیش کی تاکہ اس معاملے پر آگے بڑھا جا سکے۔ بعد میں وفد نے ماڈل لاء سے متعلق سینٹ سیکرٹریٹ سے بھی بات چیت کی۔ واضح رہے کہ جاپان کی قومی اسمبلی کے لیجیسلیٹو بیورو کا وفد چار روزہ دورے پر پاکستان میں ہے۔