احتساب عدالت نے محمد نوازشریف کے خلاف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت (کل ) تک ملتوی کر دی ، وکیل صفائی خواجہ

حارث العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں دلائل جاری رکھیں گے

جمعرات دسمبر 23:23

احتساب عدالت نے محمد نوازشریف کے خلاف  فلیگ شپ  ریفرنس کی سماعت (کل ) ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کے خلاف دائر فلیگ شپ اور العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس کی سماعت (کل )جمعہ تک ملتوی کر دی ۔آج بھی وکیل صفائی خواجہ حارث العزیزیہ اسٹیل مل ریفرنس میں دلائل جاری رکھیں گے۔جمعرات کو احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف عدالت پیش ہوئے۔

فلیگ شپ ریفرنس میں بیان قلمبندکراتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ استغاثہ میرے خلاف ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا،استغاثہ میرے خلاف کسی قسم کا ثبوت پیش نہیں کرسکا۔ محمد نواز شریف نے کہاکہ مجھے اپنی دفاع میں کچھ بھی پیش کرنے کی ضرورت نہیں،مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں،میرا کسی قسم کے کاروبار سے کوئی تعلق نہیں،مفروضوں کے الزامات نہیں ہوا کرتے ،1972 میں اتفاق فاؤنڈری میں ہزاروں ملازم موجود تھے،میں یہ ریکارڈ پیش کرتا لیکن 1999 میں پرویز مشرف نے یہ سارا ریکارڈ ضبط کر لیا۔

(جاری ہے)

بعدازاں نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے العزیزیہ ریفرنس میں دلائل شروع کئے۔اس موقع پر احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے خواجہ حارث کو حسین نواز کو بھیجے گئے نوٹس پر دلائل دینے سے روکتے ہوئے کہاکہ حسین نواز کو نوٹس میں کیا لکھا گیا ، خواجہ حارث نے کہاکہ متن سے نیب کا غیر سنجیدہ رویہ ظاہر ہوتا ہے ،اس بات سے ہمارا تعلق نہیں کہ حسن نواز یا حسین نواز پیش ہوئے یا نہیں، تفتیشی افسر محبوب عالم نے اعتراف کیا کہ سیکیورٹی افسر کو شامل تفتیش نہیں کیا،حمد بن جاسم قطر کے وزیراعظم رہے ہیں ،قطری نے جے آئی ٹی کو دوحہ بلایا تو پھر جے آئی ٹی نے ایک اور خط لکھ دیا ،قطری کو لکھا جاتا رہا کہ آپ کے ساتھ تفتیشی سیشن لگائیں گے،قطری سے کہا جاتا رہا کہ آپ کے ساتھ تفتیش کے دوران کوئی دوسرا شخص نہیں ہو گا ،اس کے باوجود حمد بن جاسم نے اپنے خطوط کی تصدیق سے انکار نہیں کیا،۔

محمد نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کے دلائل مکمل نہ ہوسکے ۔عدالت نے مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔