حکومت معاشی حالات کو سدھارنے کیلئے انتھک محنت کررہی ہے،ندیم قریشی

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:23

ملتان۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ حکومت معاشی حالات کو سدھارنے کیلئے انتھک محنت کررہی ہے، ہیلتھ اور ایجوکیشن کے حوالے سے میرٹ پالیسی پر عملدرآمد ہماری اولین ترجیح ہوگی،۔ان خیالات کااظہارانہوں نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ بیروزگاروں کو روزگار کی فراہمی کیلئے ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں سیٹیں نکالی گئی ہیں ان سیٹوں پر بھرتی کیلئے حق دار کو میرٹ پالیسی کے عین مطابق اس کا حق ضرور ملے گا کسی قسم کی سفارش، اقرباء پروری تحریک انصاف کا منشور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکوت پنجاب یا وفاقی حکومت ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے تدارک کیلئے ٹھوس حکمت عملی پر عمل جاری ہے، انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت عالمی دنیا حکومت پنجاب پر بھرپور اعتماد کررہی ہے یہی وجہ ہے کہ ملائیشیا، چین، سعودی عرب، عرب امارات، ترکی سمیت دیگر دوست ممالک پاکستان کی نہ صرف سپورٹ کررہے ہیں بلکہ ان کی تمام تر ہمدردیاں برابری کی سطح پر پاکستان کے ساتھ جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام فکر نہ کریں یہ جو عوام میں مایوسی مصنوعی طریقے سے پھیلائی جارہی ہے یہ تمام تر سازشیں نہ صرف بے نقاب ہوچکی ہیں بلکہ اپوزیشن حکومت کے اقدامات سے خائف نظر آرہی ہے اور حکومت کی توجہ معاشی حالت کی بہتری کی طرف ہونے کے باعث اپوزیشن ورطہ حیرت میں ہے۔