Live Updates

آبادیوں سے تمام کچی و پکی تجاوزات کے خاتمہ سمیت عوامی مقامات کو ہر قسم کی رکاوٹوں سے پاک کر دیا گیا ،ڈ ی جی ایف ڈی اے

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:23

فیصل آباد۔6 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) حکومت کے کلین اینڈ گرین پروگرام کے تحت فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے زیر انتظام آبادیوں سے تمام کچی و پکی تجاوزات کے خاتمہ سمیت تمام گزرگاہوں،مارکیٹو ں،گرین بیلٹس،پارکوں،قبرستانوں و دیگر عوامی مقامات کو ہر قسم کی رکاوٹوں سے پاک کر دیا گیا ہے جبکہ ایف ڈی اے سٹی سمیت دیگر اہم مقامات پر بڑی تعداد میں نئے پودے لگا کر ماحولیاتی و فضائی آلودگی کے خاتمہ کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں‘فیصل آباد ترقیاتی ادارہ کے ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز نے جمعرات کے روز اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان کو جہاں بعض معاشی وسماجی مسائل کا سامنا ہے وہیں صحت کے تحفظ اور زندگی کی بقاء کیلئے ماحولیاتی آلودگی بھی ایک گھمبیر مسئلہ ہے جس کا ماضی کی حکومتوں نے ادراک نہیں کیا تاہم وزیراعظم عمران خان نے منصب سنبھالتے ہی نئے پاکستان کیلئے جن انقلابی وانسدادی اقدامات کا اعلان کیا ان میں گرین پاکستان پروگرام کا آغاز ایک اہم اورانقلابی مسئلہ ہے جوصاف ستھرے ماحول کے احساس اوراس کلچر کو پروان چڑھانے کے بارے میں عمدہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے جسے آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبہ بھر میں’’کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام‘‘کا آغاز کرکے اسکی کامیابی کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو متحرک کر رکھا ہے جبکہ اس پروگرام میں علاقائی صفائی ستھرائی،تجاوزات کا خاتمہ اور بڑے پیمانے پر شجرکاری شامل ہے اور صوبہ کے دیگر شہروں کی طرح فیصل آباد میں بھی یہ مہم پورے جوش وجذبے سے جاری ہے اور اب تک خاطر خواہ حد تک اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں ‘انہوںنے کہا کہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ موجودہ حکومت کے پہلے 100دنوں میں کارکردگی کے لحاظ سے کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام نے حوصلہ افزا کامیابی حاصل کی ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں کچی اورپکی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف لاکھوں ایکڑ سرکاری زرعی اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرائی گئی ہے بلکہ شہری ودیہی علاقوں میں گزرگاہوں،مارکیٹو ں،گرین بیلٹس،پارکوں،قبرستانوں اور دیگر عوامی مقامات سے رکاوٹوں اور تجاوزات کو ختم کردیا گیا ہے جس کی بدولت عوام کو آمدورفت میں کشادہ ماحول میسر آیا ہے ‘ انہوںنے کہا کہ اس سے قبل اتنے بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف مہم شروع نہیں کی گئی اور لینڈ مافیا بے قابو ہوگیا تھا لیکن قبضہ مافیا کے خلاف موجودہ حکومت کی حکمت عملی نہایت کامیاب رہی ہے جبکہ اس ضمن میں خالی کرائی گئی زمینوں کو مفاد عامہ میں استعمال کرنے کیلئے بھی پالیسی وضع کرلی گئی ہے تاکہ ایسی زمینوں کو غیر محفوظ چھوڑنے کی بجائے انہیں عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کیلئے بروئے کار لایا جائے جوکہ قومی وسماجی ترقی کی جانب بہتر قدم ہے‘ انہوںنے کہا کہ اس پروگرام کے تحت شجرکاری کیلئے تمام طبقات کو متحرک کیاگیا ہے اور تاریخ میں پہلی بار دستیاب جگہوں پرمفید اور پائیدار درخت لگائے جارہے ہیں نیز شجرکاری کی یہ مہم صرف محض رسم نہیں بلکہ اسکو نتیجہ خیز بنانے کیلئے حقیقی بنیادوں پر کوششیں جاری ہیں جس کی بدولت ان پودوں کی نشوونما کرکے سرسبز وشاداب ماحول پروان چڑھایا جائے گا ، انہوںنے کہا کہ شجرکاری کا یہ سلسلہ عزم وہمت سے جاری رہے گااوروزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں پانچ سال کے دوران 10ارب پودے لگانے کا ہدف پورا کیا جائے گا، انہوںنے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام میں صفائی ستھرائی بھی اہم عنصر ہے جس کیلئے محکمانہ اقدامات کسی انقلاب سے کم نہیں کیونکہ وسیع پیمانے پر صفائی ستھرائی کی یہ مہم محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب کی زیرنگرانی اس انداز میں شروع کی گئی ہے کہ اس کے ثمرات شہروں سے نکل کر دیہاتوں تک بھی جارہے ہیں، انہوںنے کہا کہ اس مقصد کیلئے ہر یونین کونسل کو فنڈزکی فراہمی کے علاوہ میونسپل کمیٹیز،ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز کو صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنانے اور جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے اضافی وسائل فراہم کئے جارہے ہیں تاہم معیاری صفائی کیلئے دستیاب وسائل کو بھی دانشمندی سے استعمال کرکے بہتر نتائج حاصل کئے گئے ہیں کیونکہ حکومت کی طرف سے مئو ثر مانیٹرنگ بھی کار گر ثابت ہورہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ شہری علاقوں میں صفائی کے نظام کومزیدمربوط بنایا گیا ہے اور اس ضمن میں بڑے شہروں میں فرائض انجام دینے والی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیز،میونسپل کارپوریشنز،پی ایچ اے اورواسا کے مابین کوآرڈینیشن سے سیوریج کی گندگی،پودوں کی کانٹ چھانٹ کی باقیات اور تجاوزات کو ہٹانے کا ملبہ، دیگر نوعیت کی گندگی اور کوڑا کرکٹ کو اٹھانے کی بہتر حکمت عملی سے صفائی کے حوالے سے اچھی کارکردگی سامنے آرہی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام بلاشبہ حکومت پنجاب کا ایک احسن اورمفید اقدام ہے جس پر عمل درآمد سے سرسبز اورصاف ستھرا ماحول میسر آرہا ہے لیکن حکومتی اداروں کے ساتھ ساتھ یہ کمیونٹی کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنا اہم کردار نبھائیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات