شہباز شریف اپنے مشکوک اکاونٹس پر نیب کو مطمئن نہ کر سکے

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے فائننشل یونٹ نے مشکوک اکاؤنٹس بارے میں نیب کوآگاہ کیا تھا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس جمعرات 6 دسمبر 2018 23:17

شہباز شریف اپنے مشکوک اکاونٹس پر نیب کو مطمئن نہ کر سکے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2018ء) شہباز شریف اپنے مشکوک اکاونٹس سے متعلق نیب کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے ،نیب نے عدالت میں رپورٹ جمع کروا دی۔تفصیلات کے مطابق نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر شہباز شریف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن کے روبرو پیش کیاگیا۔سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے مزید 15روزکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔

اس موقع پر عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شہباز شریف کا مزید ریمانڈ جاری کرنے سے انکار کردیا اور جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔سماعت مکمل ہونے پر نیب کی جانب سے شہباز شریف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں سنٹرل جیل منتقل کر دیا گیا۔احتساب عدالت میں پیشی کے دوران وکلا ء کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہیں کمرہ عدالت میں جانے سے روکا گیا جس پر پولیس اور وکلا ء میں تکرار ہوئی اور وکلا ء نے کمرہ عدالت کے باہر نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر شہباز شریف نے کمرہ عدالت کی کھڑکی سے ہاتھ جوڑ کر وکلا ء کو خاموش رہنے کی ہدایت کی۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی ہدایت پر لیگی اراکین اسمبلی ، رہنمائوں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے تاہم پولیس کی طرف سے رکاوٹیں کھڑی ہونے کے باعث کارکن احتساب عدالت کے قریب یا احاطہ عدالت میں نہ پہنچ سکے ۔ اس موقع پر کارکنوں کی جانب سے آگے بڑھنے کی کوشش میں پولیس اہلکاروں کے درمیان دھکم پیل بھی ہوئی ۔

اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ شہباز شریف اپنے مشکوک اکاونٹس کی تفصیلات دینے میں ناکام رہے ہیں۔نیب نے تحقیقاتی رپورٹ احتساب عدالت میں جمع کروا دی ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) ذرائع کے مطابق سٹیٹ بینک آف پاکستان کے فائننشل یونٹ نے مشکوک اکاؤنٹس بارے میں آگاہ کیا تھا، اس کے علاوہ شہباز شریف اپنے بیٹوں سلمان اور حمزہ کو دئیے گئے کروڑوں مالیت کے تحفوں کے بارے میں بھی جواب نہ دے سکے۔اس رپورٹت کے مطابق جب ان سے اکاونٹس میں موجود رقم اور فنڈز کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے اس بات پر لاعلمی کا اظہار کردیا۔