پارٹی تنظیمیں ممبر سازی مہم کی کامیابی سے تکمیل کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں ، امیر حیدر خان ہوتی

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:47

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے تمام پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممبر سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اے این پی کی ممبر سازی صوبے کے کونے کونے میں جاری ہے اور پارٹی کارکنوں کو چاہئے کہ ایسے وقت میں ممبر شپ مہم کے دوران پارٹی ممبران بنانے کیلئے گھر گھر دعوت دیں اور دن رات کام کریںتاکہ ممبر سازی مہم مؤثر اور بروقت مکمل کی جا سکے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین اور اقلیتی برادری کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں ممبر بنایا جائے ، انہوں نے نے الیکشن کمیشن کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پارٹی تنظیمیں اور کارکن ممبر سازی کی کامیابی سے تکمیل کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اے این پی واحد پارٹی ہے جس میں فیصلوں کا اختیار پارٹی کارکنوں اور تنظیموں کو حاصل ہے ، انہوں نے کہا کہ ممبر سازی کو مزید مؤثر اور عوامی بنانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ممبران کے ساتھ ساتھ تنظیمیں،صاحب الرائے مشران اور کارکن اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کوئی فرد ممبر سازی مہم سے محروم نہ رہے ، انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہر چار سال کے بعد ممبر سازی اور تنظیم کا عمل آئینی اور جمہوری عمل ہے اور یہ ہمیشہ بروقت مکمل ہوتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن اے این پی کا سرمایہ ہیں اور انہیں پارٹی فیصلوں میں با اختیار بنانا آئینی تقاضا ہے۔