یتیم، بے سہارا بچوں اور معذور افراد کی کفالت اور تعلیم و تربیت ہمارا مشن ہے،محمدثاقب

جمعرات 6 دسمبر 2018 23:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2018ء) قطر چیئریٹی کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر محمد ثاقب نے کہا ہے کہ جنگ اورآفت زدہ لوگوں کو زندگی کی مشکلات سے نکالنے کے علاوہ یتیم، بے سہارا بچوں اور معذور افراد کی کفالت اور تعلیم و تربیت کرکے مفید شہری بنانا ہمارا مشن ہے دنیا بھر کی طرح سوات کے لوگوں کو بھی یہ سہولیات فراہم کی جارہی ہیں صحت وصفائی کے حوالے سے اقدا مات کے ساتھ ساتھ وبائی امرض اور قدرتی آفات میں بھی ہمارے ادارے کو دیگر قومی اور عالمی اداروں سے مل کرخدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے قطر چیئریٹی ایک فلاحی امدادی ادارہ ہے جو غرباء کو رمضان المبارک اور قحط سے متاثرہ لوگوں کو خصوصی پیکجز دے کر ان کے گھر کا چولہا جلانے کا انتظام بھی کرتی ہے جس میں آٹا، چاول، گھی، دال اور ضرورت کی دیگر خوردنی اشیاء شامل ہوتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 کے پروگرام ’’حال احوال‘‘ میں میزبان فضل خالق خان کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ قطر چیئریٹی کاقیام 1980 میں دوحہ میں عمل میں لایا گیا تھا جس کے بعد اب یہ ادارہ پاکستان سمیت دنیا کے 36 ممالک میں کام کررہا ہے قطرچیئر یٹی نے پاکستان میں 1992 سے امدادی کا م کیا سوات میں ہمارا ادارہ اس وقت سب سے زیادہ لوگوں کو پانی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کمیونٹی بیسڈ پر واٹر سپلائی کی سکیمیں اور صفائی کے حوالے سے واش رومز بھی بنا کردیتی ہے انہوں نے کہاکہ ہم نے سوات میں لوگوں کو چھوٹے کاروبار دینے میں بھی بہت بڑ ا کام کیا ہے معذوروں کو رکشے خرید کر دئیے ہیں جبکہ کریانہ اور سبزی کے کاروبار دینے کیلئے بھی معاونت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے اہل خانہ کیلئے باعزت روزگار کمارہے ہیں اس کے علاوہ یتیم بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی فراہم کرتے ہیں جو 3500 سے لے کر 4500 روپے ماہانہ تک ہوتے ہیں اور جو اٹھارہ سال کی عمر تک دئیے جاتے ہیں فی الوقت ادارے کے زیر انتظام تقریباً 550 بچے ہماری خدمات سے مستفید ہورہے ہیں اس کے علاوہ سوات میں کشیدہ حالات اور سیلاب کے بعد تباہی سے وہاں کے بہت زیادہ متاثرہ افراد کو بھی مالی معاونت فراہم کرکے انہیں معاشرے میں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے میں مدد دی ہے انہوں نے کہا کہ اگر کسی کے بھی اڑوس پڑوس میں ایسے یتیم اور بے سہارا بچے یا معذور افراد موجود ہوں جو امداد کے مستحق ہوں تو وہ ہم سے براہ راست رابطہ کرکے ہماری خدمات سے فائدہ اُٹھاسکتے ہیں۔