دُبئی: خاتون کھلاڑی سے جنسی زیادتی اور فلم بنانے پر اماراتی کو عمر قید

نوجوان نے چیمپئن کھلاڑی کو گھر بلا کر اُس سے شرمناک حرکت کی تھی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 دسمبر 2018 10:50

دُبئی: خاتون کھلاڑی سے جنسی زیادتی اور فلم بنانے پر اماراتی کو عمر قید
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7دسمبر2018ء) مقامی عدالت نے اماراتی نوجوان کو ایک خاتون کھلاڑی کو دھوکے سے گھر بُلا کر مار پیٹ کرنے، جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور اُس کی عریاں حالت میں فلم بنانے کے جُرم میں عمر قید کی سزا سُنا دی ہے۔یہ واقعہ جُون 2018ء میں پیش آیا۔ جب مقامی کالج کی طالبہ اور ہارس جمپنگ کی چیمپئن مصری کھلاڑی ایک مقامی مقابلے میں شریک تھی، اسی دوران اُس کے 24 سالہ اماراتی دوست نے اُسے متعدد بار کالز کیں۔

جب خاتون کھلاڑی نے فون اُٹھایا تو اماراتی نوجوان نے اُسے ایک اہم معاملے پر گفتگو کرنے کے بہانے سے گھر پر آنے کی دعوت دی۔ خاتون کھلاڑی گھر میں پہنچ گئی مگر وہ اندر داخل ہونے کی بجائے باہر کھڑے رہ کر ہی بات کرنا چاہتی ہے، تاہم ملزم اُسے زبردستی گھر کے اندر لے گیا۔

(جاری ہے)

لڑکی نے یہی سمجھا کہ نوجوان اُس سے ہنسی مذاق کر رہا تھا۔ مگر اُس وقت اُس کے ہاتھوں کے طوطے اُڑ گئے جب نوجوان نے اُسے زبردستی اپنے کاندھوں پر ڈالا اور اپنے بیڈ روم میں لے جا کر پٹخ دیا۔

اس کے بعد نوجوان اُس سے دست درازی کرنے لگا اور زبردستی اُس کے کپڑے اُتارنے کی کوشش کی۔ جب خاتون نے اُس کا ناجائز مطالبہ ماننے سے انکار کیا تو وہ اُسے گالیاں دینے کے ساتھ ساتھ مار پیٹ کرنے لگا۔ پھر اُس نے زبردستی لڑکی کے کپڑے اُتار کر اُس سے جنسی زیادتی کر ڈالی۔ اس دوران یہ نوجوان لڑکی کی برہنہ حالت میں موبائل ویڈیو بھی بناتا رہا۔

تاہم عدالت میں ملزم کا کہنا تھا کہ لڑکی نے اپنی مرضی کے ساتھ اُس سے جنسی عمل کیا تھا۔ معاملہ اُس وقت خراب ہوا جب لڑکی نے اُس کے بیڈ رُوم میں موجودبٹوے میں سے پچاس ہزار درہم چُرا لیے۔ نوجوان کے بارے میں استفسار کرنے پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی اور پھر لڑکی نے اُس کے خلاف پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروا دیا۔ تاہم عدالت نے نوجوان کے موقف کو مسترد کرتے ہوئے اُسے عمر قید کی سزا سُنا دی جبکہ لڑکی کا ذہنی اور اخلاقی تشخص تباہ کرنے کے الزام میں لڑکی کی جانب سے 21ہزار درہم کی زر تلافی کی ادائیگی کا مقدمہ دُوسری عدالت کے سپرد کر دیا گیا ہے۔