بغیر ہیلمٹ اب موٹر سائیکل بھی نہیں ملے گی

عدالت نے موٹر سائیکل فروخت کرنے والے ڈیلرز کے لیے بھی فیصلہ جاری کر دیا

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان جمعہ دسمبر 10:57

بغیر ہیلمٹ اب موٹر سائیکل بھی نہیں ملے گی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2018ء) بغیر ہیلمٹ اب موٹر سائیکل بھی نہیں ملے گی۔تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کے لیے ہیلمٹ کی پابندی لگائی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ ہیلمٹ کے بغیر کسی موٹر سائیکل سوار کو پٹرول نہ دیا جائے اس کے بعد موٹر سائیکل پر بیٹھنے والی دوسری سواری کے لیے بھی ہیلمٹ کو ضروری قرار دے دیا گیا۔جس کے بعد بڑی تعداد میں ہیلمٹ خریدے گئے تاہم اب ایک اور فیصلہ سامنے آیا ہے جس کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل بھی نہیں دی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اس حوالے سے اہم فیصلہ دیا ہے اور کہا ہے کہ موٹر سائیکل ہیلمٹ کے ساتھ فروخت کی جائے جب کہ عدالت نے مہنگے داموں ہیلمٹ فروخت کرنے سے بھی روک دیا۔

(جاری ہے)

اس عدالتی فیصلے پر موٹر سائیکل فروخت کرنے والے سیلر کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل کے ساتھ ہیلمٹ تحفے کے طور پر بھی دیتے ہیں۔واضح رہے سی ٹی او نے اپنی رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا کہ ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے پر 2 لاکھ سے زائد چالان کیے گئے ہیں۔

چیف ٹریفک پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ335408موٹر سائیکلوں کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے،صرف مال روڈ پر 42832موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ جاری کئے۔ یکم دسمبر سے کوئی بھی بغیر ہیلمٹ اورسائیڈمررز مال روڈ پر نہیں آئے گا،ابتدائی طور پر مال رو ڈسے سختی کی جائے گی،لین لائن اور سٹاپ لائن کی پابندی کا اطلاق شہر بھر میں کروایا جائیگا۔

تاہم لاہور ہائیکورٹ نے یکم دسمبر سے موٹرسائیکل سوار دونوں افراد پر ہیلمٹ کی پابندی لازمی قرار دےدی ۔ یکم دسمبرسے دونوں موٹر سائیکل سوار کی ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے پر چالان ہو گا عدالت نے حکم دیا کہ سائیڈ مرر نہ لگانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کیا جائے۔ موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد کے لیے ہیلمٹ کی پابندی لازم ہونے کے بعد بغیر ہیلمٹ والے موٹر سائیکل سواروں کا چالان کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ڈبل ہیلمٹ کی اذیت کے بعدلاہور کے شہریوں کے لیے ایک اور تجویز ٹریفک پولیس کی جانب سے پیش کر دی گئی ہے۔ موٹر سائیکل پر سوار بنا ہیلمٹ کے دوسری سواری کو اتار کر بس میں بٹھایا جائے گا۔اس مقصد کے لیے سی ٹی او نے حکومت کو مراسلہ لکھا ہے کہ وہ مال روڈ پر اضافی بسیں چلائے۔دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت صرف موٹرسائیکل سواروں کے لیے قانون سازی کر رہی ہے جبکہ موٹر سائیکل مڈل کلاس کی سواری ہے ،اس سے عوام میں غم و غصہ بڑھے گا۔