سعودی عرب: اساتذہ کو لے جانے والی منی وین کو خوفناک حادثہ

حادثے میں مِنی وین کا ڈرائیور جاں بحق، 5 مسافر زخمی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 دسمبر 2018 12:18

سعودی عرب: اساتذہ کو لے جانے والی منی وین کو خوفناک حادثہ
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7دسمبر2018ء) مملکت میں ایک خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا جبکہ پانچ مسافر زخمی ہو کر ہسپتال جا پہنچے۔ ان پانچ زخمیوں میں چار خواتین اور ایک مرد شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق الارطاویہ کے علاقے میں حفر الباطن کے قریب ایک مِنی وین خواتین اساتذہ کو لے جا رہی تھی کہ اچانک سامنے سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی۔

تصادم اتنا شدید تھا کہ اُس کی تاب نہ لاتے ہوئے مِنی وین کا ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ مِنی وین میں سوار خواتین کو بھی شدید چوٹیں آئیں۔ اس افسوس ناک حادثے کی اطلاع مِلتے ہی شہری دفاع اور ریڈ کراس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ جنہوں نے جاں بحق ہونے والے بدنصیب ڈرائیور کی میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے میں منتقل کر دیا۔

(جاری ہے)

جبکہ دیگر زخمیوں کو علاج کی خاطر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سِول ڈیفنس کے ترجمان نے بتایا کہ حادثے کے باعث مِنی وین اُلٹ گئی تھی جس کے باعث زخمی خواتین اور جاں بحق ڈرائیور کو وین کے دروازے کاٹ کر نکالا گیا۔ ترجمان نے تمام ڈرائیور حضرات کو تاکید کی کہ اس حادثے کی وجہ بظاہر تیز رفتاری اور ڈرائیونگ کے دوران بے توجہی معلوم ہوتی ہے۔ ڈرائیور حضرات کو اس طرح کی مجرمانہ غفلت سے اجتناب کرنا چاہیے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو سکے۔