جنید جمشید کی دوسری برسی منائی گئی،

سانحہ حویلیاں کے دو سال گذر گئے، 47 خاندانوں کے لواحقین کے دلوں میں اپنے پیاروں کی یادیں آج بھی زندہ ہیں

جمعہ 7 دسمبر 2018 12:45

جنید جمشید کی دوسری برسی منائی گئی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) سانحہ حویلیاں جہاں بہت سے خاندانوں کو سوگوار کرگیا وہیں ان بدقسمت خاندانوں میں جنید جمشید کا خاندان بھی شامل تھا اور آج ان کی دوسری برسی جمعہ کو منائی گئی۔ جنید جمشید کیلئے 7 دسمبر 2016ء کو پی آئی اے کے بدقسمت طیارے کا سفر آخری سفر ثابت ہوا۔سانحہ حویلیاں نے 47 خاندانوں کو رلا دیا ہے لیکن تمام لواحقین کے دلوں میں اپنے پیاروں کی یادیں آج بھی زندہ ہیں۔

دل دل پاکستان گانے سے شہرت کی بلندیوں پر جانے والے جنید جمشید کی یادیں اور باتیں آج بھی آنکھوں کو نم کردیتی ہیں۔جنید جمشید نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا توآسمان کی بلندیوں کو چھو گئے۔1983ء میں زمانہ طالب علمی کے دوران ہی آواز کا ایسا جادو جگایا کہ نوجوان نسل کو موسیقی کا نیا ٹرینڈ دے دیا۔

(جاری ہے)

1987ء میں انہیں ایک گروپ وائٹل سائنز میں جگہ بنانے کا موقع ملا۔

14اگست 1987ء میں ان کے پہلے البم کا ملی نغمہ دل دل پاکستان ریلیز ہوا تواس گانے نے گلوکاری کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا۔ نوے کی دہائی کے آخر میں دل ہی بدل گیا اورمولانا طارق جمیل سے ملاقات کے بعد جنیدجمشید اسلام کی خدمت کے سفر پر چل پڑے۔جنید جمشید نے اسلام کی تبلیغ کے لئے مختلف ممالک کے دورے کیے ۔ کسی کو کیا معلوم تھا کہ جنید جمشید کا 7 دسمبر 2016ء کو چترال سے اسلام آباد کا سفر آخری ہوگا۔ اس سفر میں اسلام آباد واپسی پر فضائی حادثے میں جنید خالق حقیقی سے جا ملے۔