نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے

ٹریفک وارڈن نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کا چالان کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ دسمبر 13:59

نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2018ء) : ''نئے پاکستان'' میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ ٹریفک وارڈن نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کا چالان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق شاہراہ فیصل پر میٹرو پُل کے قریب فینسی نمبر پلیٹس اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔

یہ کریک ڈاؤن ساؤتھ زون پولیس کی جانب سے کیا جا رہا ہے جس پر سابق وزیراعظم پاکستان یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے کی گاڑی کو بھی روکا گیا۔ چالان ہونے پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے موسیٰ گیلانی نے کہا کہ میرا چالان ہوا مجھے بہت اچھا لگا ، میں صرف وزٹ کے لیے کراچی آیا تھا اور ابھی میری فلائٹ بھی ہے لیکن میں چالان کی ادائیگی کے لیے رُکا ہوا ہوں۔

(جاری ہے)

یہ گاڑی بھی میری نہیں بلکہ میرے دوست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس کی گاڑی ہے میں نے سب سے پہلے اُسے فون کیا اور ہدایت کی کہ تم اپنی گاڑی سے کالے شیشے ہٹاؤ۔ موسیٰ گیلانی کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس نے میرا چالان کر کے یہ ثابت کر دیا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے، میں یہاں کھڑا ہوں اور اپنی چالان ٹکٹ لے کر جاؤں گا۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ساؤتھ زون آصف نے کہا کہ ہم بلا تفریق کارروائی کر رہے ہیں اور یہ موسیٰ گیلانی کا بڑا پن ہے کہ وہ ٹریفک پولیس کی اس کارروائی پر اعتراض کرنے کی بجائے اس اقدام کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی کارروائی معاشرے میں ایک تبدیلی کی طرف اشارہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ گیلانی کے لیے بھی قانون ویسا ہی ہے جیسے عام آدمی کے لیے ہے اور موسیٰ گیلانی کاچالان اس بات کا ثبوت ہے کہ قانون سب کے لیے برابر ہے لہٰذا تمام لوگ ہوشیار ہو جائیں۔