بھارت کی آبی دہشتگردی ، راوی پر متنازعہ ڈیم بنانے کی منظوری دے دی

منظوری گذشتہ روز وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت یونین کابینہ کے اجلاس میں دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 7 دسمبر 2018 14:40

ممبئی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 دسمبر 2018ء) : بھارت ہمیشہ سے ہی پاکستان کے خلاف زہر اُگلتا رہتا ہے لیکن پاکستان کے خلاف اپنی روایتی ہٹ دھرمی کو برقرار رکھتے ہوئے کبھی بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کی جاتی ہے تو کبھی بھارت آبی دہشتگردی کا سہارا لیتا ہے۔ ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی بھی شروع کر دی ہے اور دریائے راوی پر شاہ پور کنڈی ڈیم پراجیکٹ کے رُکے ہوئے کام کو دوبارہ شروع کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق دریائے راوی پر شاہ پور کنڈی ڈیم پراجیکٹ کے رُکے ہوئے کام کو دوبارہ شروع کرنے کی منظوری گصزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی زیرصدارت ہونے والے یونین کابینہ کے اجلاس میں دی گئی۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ منصوبہ جون 2022ء میں مکمل ہوگا اور اس منصوبے کے لیے مرکزی حکومت پانچ سال میں 485.38 کروڑ روپے فراہم کرے گی۔

متنازعہ ڈیم کی تعمیر سراسر پاکستان کا پانی روکنے کی سازش ہے ۔ واضح رہے رواں برس ستمبر میں بھارتی پنجاب اور مقبوضہ کشمیر کی حکومتوں نے شاہ پور کنڈی ڈیم پر کام دوبارہ شروع کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے تھے ۔ حال ہی میں موصول ہونے والی خبروں کے مطابق دریائے سندھ کا پانی بند کرنے کے لیے تین نئے پراجیکٹس پر کام شروع کر دیا ہے۔ بھارت نے آبی دہشتگردی کے لیے جن تین نئے پراجیکٹس پر کام شروع کیا ہے ان میں دو ڈیم اور ایک لنک کینال شامل ہے ۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق حکومتی عہدیداروں نے بتایا کہ شاہ پور کنڈی ڈیم، ستلج بیاس لنک اور اجھ ڈیم بنانے کا مقصد دریائے سندھ کے بھارت کے حصے کے پانی کو پاکستان جانے سے روکنا ہے ۔ یہ تینوں منصوبے ریاستوں کی باہمی کشیدگی کے باعث سرخ فیتے کا شکار تھے تاہم اب ان پر بھی تیز رفتاری سے کام کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔