نیب سکھر کی جانب سے ’’ہمارا عزم،کرپشن فری پاکستان‘‘ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد

جمعہ 7 دسمبر 2018 15:40

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) نیب سکھر کی جانب سے آئی بی اے یونیورسٹی سکھر میں ’’ہمارا عزم،کرپشن فری پاکستان‘‘ کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا،جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیمینار کے مہمان خصوصی جسٹس ریٹائرڈ اور سندھ جوڈیشنل اکیڈمی کراچی کے ڈائریکٹر علی اسلم جعفری نے سیمینار سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ انٹی کرپشن کا پہلا ایکٹ 1947ء میں قائد اعظم محمد علی جناح نے بنایاتھا ، کیونکہ وہ جانتے تھے کہ معاشرے میں کرپشن جنم لے سکتی ہے لیکن بعد میں قانون کو توڑ مروڑ کر اپنے مفادات کی خاطر اسے اپنے تابع لانے کی کوشش کی گئی ۔

انہوں نے کہا کہ اب ہمیں اپنی آنکھیں کھلی رکھنی پڑیں گی ۔احتساب کے اداروں کو مضبوط کر کے منی لانڈرنگ اور پیسہ چوری کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا پڑے گا پھر انقلاب کا راستہ کوئی بھی نہیں روک پائے گا ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل نیب سکھر مرزا محمد عرفان بیگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ رنگ و نسل اور مذہبی فرقوں سے ہٹ کر معاشرے کے ہر فرد کو پاکستان سے کرپشن کی لعنت کو ختم کرنے اور میرٹ کی بحالی کے لئے اتحاد و یگانکت کا مظاہرہ کر کے مشترکہ جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔

انہوںنے مزید کہا کہ کرپشن کے باعث معاشرے سمیت معیشت پر برا اثر پڑ رہا ہے اور روپے کی قدر کم ہو گئی ہے ، مستقبل کے معماروں اور نوجوان طلبہ کو آگے آکر کرپشن کے خاتمے کے لئے آگاہی پیدا کرنی پڑے گی تاکہ ہم ترقی یافتہ اور سنجیدہ قوموں کی صف میں شامل ہو سکیں ۔ سیمینار سے نامور ادیب اور لکھاری جامی چانڈیو ، معروف لکھاری امر سندھو م گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا، قبل ازیں ڈائریکٹر انویسٹیگیشن نیب سکھر غلام فاروق نے استقبالیہ خطاب میں بتایا کہ سکھر ، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد ڈویژنز کے تعلیمی اداروں میںطلبہ و طالبات میں کرپشن کے خلاف آگاہی کے لیے 200 سے زائد تقاریر ، مضمون نگاری اور پوسٹر پینٹنگ کے مقابلے منعقد کرائے گئے ہیں۔