ووٹر کا شعور ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے، عمران اسماعیل

ووٹ ڈالنے کے لئے مڈل کلاس کا شعور قابل ستائش ہے، جمہوریت کو پروان چڑھا نے کے لئے ووٹ ڈالنا ضروری ہے،گورنر سندھ کا ووٹ کے قومی دن کے حوالے ’’ میرا ووٹ ۔ میری پہچان‘‘ کی تقریب سے خطاب

جمعہ دسمبر 15:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ووٹر کا شعور ہی ملک کی ترقی کی ضمانت ہے ،ووٹ ڈالنا ایک فریضہ ہے، ووٹ ڈالنے کے لئے مڈل کلاس کا شعور قابل ستائش ہے، جمہوریت کو پروان چڑھا نے کے لئے ووٹ ڈالنا بہت ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوگورنر ہائوس کراچی میںووٹ کے قومی دن 7دسمبر کے حوالے ’’ میرا ووٹ۔

میری پہچان‘‘ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صوبائی الیکشن کمشنر یوسف خٹک، الیکشن کمیشن ممبر سندھ عبدالغفاراور دیگر بھی موجود تھے۔گونر سندھ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کا حق دینا احسن اقدام ہی2018کے انتخابات کو منظم انداز میں شفاف طریقے سے کرانے پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مانیٹرنگ کو مزید مربوط کرنے کی ضرورت ہے ۔صوبائی الیکشن کمشنریوسف خٹک کہا ہے کہ ووٹر ز کا قومی دن انتہائی اہمیت کا حامل ہے میرا ووٹ میری پہچان میرا ووٹ میری طاقت کے عنوان سے ووٹر ڈے منایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے ذریعے خواتین کا کردار بھی مسلمہ ہے ،گورنر سندھ کی تقریب میں شرکت ووٹ کی اہمیت اجاگر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ووٹر ڈے کے ذریعہ عوام کی رہنمائی کرنا چاہتا ہے انتخابات کو شفاف بنانا ہماری ذمہ داری ہے ،انہوں نے کہا کہ ووٹ کا اندراج شناختی کارڈ کے ذریعے ہی ممکن ہے ووٹ مقدس فریضہ ہے، ووٹ کے ذریعے ہی ترقی کی بنیاد رکھی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور ووٹر کی طاقت کا احساس دلانا چاہتے ہیں۔ممبر الیکشن کمیشن سندھ عبد الغفار سومرونے کہا ہے کہ پاکستان ایک جمہوری ملک ہے، جہاں انتخابات کے ذریعے ہی حکومتیں وجود میں آتی ہیںووٹر کو اس کی طاقت کا احساس دلانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ معلومات کو الیکٹرانک شکل میں عوام الناس کو ویب سائٹ پر فراہم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ووٹ کا اندراج اور اخراج پہلے نادرا کے ذریعے کرتے تھے اب الیکشن کمیشن یہ امور خود سر انجام دے رہا ہے الیکٹرانک رزلٹ، رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کی کا میابی کے لئے مزید اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 8300 پر ووٹر رجسٹریشن کے لئے عوام کارسپانس قابل ستائش ہے۔