نئی گج ڈیم تعمیر کیس:عدالت کا واپڈا کو نیا پی سی ون 15 دن میں تیار کرنے کا حکم

نئی گج ڈیم کی تعمیر کیلئے 15 دن میں واپڈا نیا پی سی ون تیار کرے چاہیے دن رات کام کرنا پڑے، سپریم کورٹ

جمعہ دسمبر 16:49

نئی گج ڈیم  تعمیر کیس:عدالت کا واپڈا کو  نیا پی سی ون 15 دن میں تیار کرنے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق معاملے کی سماعت ، عدالت نے واپڈا کو نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق نیا پی سی ون 15 دن میں تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی عدالت نے اس موقع پر کہا کہ نئی گج ڈیم کی تعمیر کیلئے 15 دن میں واپڈا نیا پی سی ون تیار کرلے چاہیے اس کیلئے دن رات کام کرنا پڑے واپڈا کی طرف سے اس موقع پر پی سی ون کی تیاری کیلئے ایک ماہ کی مہلت مانگی گئی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ایک ماہ کا وقت بہت زیادہ ہے عدالت پندرہ دن کے اندر پی سی ون کی تیاری کا حکم دیتی ہے آئندہ سماعت پی سی ون کے بغیر عدالت میں پیش نہ ہوں ۔

اس موقع پر چیئرمین ارسا مہر علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ واپڈا 2021 میں منصوبہ مکمل کرے گا اور وفاقی حکومت نے پی سی ون جمع کرا دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پی سی ون دوبارہ سے جمع کرانے سے معاملہ الجھ جائے گا، آپ لوگ معاملات کو پیچیدہ کیوں کرتے ہیں عدالت نے معاملہ کی سماعت 15 دن کیلئے ملتوی کردی۔ یاد رہے کہ 4 دسمبر 2018 کو سپریم کورٹ نے دادو میں نئی گج ڈیم کی تعمیر سے متعلق تمام فریقین کو مل کر لائحہ عمل طے کرکے ایک ہفتے میں عدالت کو آگاہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ دادو میں نئی گج ڈیم کی تعمیر کا سلسلہ 25 اپریل 2012 کو شروع ہوا، جسے اپریل 2015 تک مکمل ہونا تھا لیکن غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے یہ اب تک مکمل نہیں ہوسکا۔غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے اس منصوبے کی لاگت بھی بڑھ گئی اور مقررہ وقت میں مکمل ہونے کی صورت میں 16 ارب 92 کروڑ روپے کی لاگت اندازے کے مطابق 26 ارب روپے تک پہنچ سکتی ہے۔