پنجاب حکومت نے شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس دیدی ،نوٹیفکیشن جاری

جنرل سرجن پروفیسر طیب عباس کی سربراہی میں چار رکنی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل میں چیک اپ بھی کیا

جمعہ دسمبر 17:07

پنجاب حکومت نے شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس دیدی ،نوٹیفکیشن جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2018ء) پنجاب حکومت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کو جیل میں بی کلاس دیدی ،جنرل سرجن پروفیسر طیب عباس کی سربراہی میں جناح ہسپتال کی چار رکنی ٹیم نے قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں چیک اپ بھی کیا۔ احتساب عدالت نے جمعرات کے روز سماعت کے بعد شہباز شریف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی ۔

گزشتہ روز جنرل سرجن پروفیسر طیب عباس کی سربراہی میں آرتھو پیڈک پروفیسر راشد سعید، آنکالوجسٹ پروفیسر محمد اکرم سمیت چار رکنی ٹیم نے ان کا تفصیلی چیک اپ کیا اور بعض ٹیسٹ بھی کئے ۔دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے شہباز شریف کے لئے بی کلاس کی منظوری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کی جانب سے شہباز شریف کو پاکستان جیل خانہ جات قوانین 1978 کے رول 242 کے تحت بی کلاس کی سہولیات دی گئی ہیں۔

بی کلاس کے تحت شہباز شریف کو جیل میں ٹی وی، اخبار اور بستر کی سہولت دیدی گئی ہے۔قائد حزب اختلاف کو گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت بھی میسر ہوگی جبکہ بیرک میں کرسی اور میز رکھنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔ شہباز شریف کی نیب حوالات میں استعمال کی اشیا ء جیل حکام کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ ڈاکٹروں نے طبیعت ناسازی کے باعث آرام دہ اور ہوادار کمرے اور بروقت ادویات کھانے کی ہدایت دے رکھی ہے۔