Live Updates

حکومت کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے

امریکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی بڑی کمپنیوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبہ جات میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے سول اور عسکری اداروں کی ہم آہنگی سے خارجہ پالیسی کا محور تبدیل ہوگیا ہے، کرتار پور راہداری اس کا مظہر ہے پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد ہے، تشدد اورنفرت پھیلانے والے ذرائع ابلاغ کو ریگولیٹ کرنے کے لئے عالمی سطح پر نظام کی تیاری کی ضرورت ہے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کاآکسفورڈ یونیورسٹی میں لیکچر

جمعہ 7 دسمبر 2018 17:23

حکومت کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے
لندن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ حکومت کرپشن اور منی لانڈرنگ کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے ۔وہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں اہم قومی ،علاقائی اور بین الاقوامی امور پر لیکچر دے رہے تھے ۔ لیکچرکا انعقاد آکسفورڈ سائوتھ ایشیاء اور آکسفورڈ پاکستان سوسائٹی کے اشتراک سے کیا گیا تھا ۔

یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات اس نشست میں شریک تھے ۔ انہوں نے کہاکہ میرے اس دورہ آکسفورڈ یونیورسٹی کا مقصد وزیراعظم عمران خان کے یوتھ کی ترقی کے ویژن کے مطابق طلباء کیمونٹی اور تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط کو مزید موثر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان دنیا کی ٹاپ یونیورسٹی کے طلباء کو پیشکش کررہی ہے کہ وہ پاکستان کے تعلیمی اداروں میں انٹرشپ کریں ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے گذشتہ سات دہائیوں میں پاکستان کے اہم قومی، علاقائی امور اور سماجی، اقتصادی و سیاسی اقدار کا بھی جائزہ لیا ۔انہوں نے کہا کہ علاقائی تنازعات کے اثرات پاکستان کی معیشت اور سماجی طرز زندگی پر مرتب ہوئے، اس کے باوجود پاکستان نے غیرمعمولی مزاحمت کرتے ہوئے اپنا وجود برقرار رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت ملکی معیشت کی بحالی کے لئے خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے، پاکستان کو اپنے تجارتی خسارے پر قابو پانا ہوگا، اس مقصد کے حصول کے لئے ملک میں خصوصی اقتصادی زون تشکیل دے کر حکومت صنعتی ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔

انہوں نے طالب علموں کے سی پیک کے متعلق مغربی میڈیا میں موجود منفی تاثر کو زائل کیا، اور کئی دیگر موضوعات پر طالب علموں کے سوالات کے جواب بھی دئیے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری عظیم معاشی منصوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ سول اور عسکری ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں،سول اور عسکری اداروں کی ہم آہنگی سے خارجہ پالیسی کا محور تبدیل ہوگیا ہے، کرتار پور راہداری اس کا ایک مظہر ہے، پالیسیوں کے تسلسل کے لیے سول اور عسکری اداروں کی ہم آہنگی ناگزیر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سمیت دیگر تنازعات کے حل کے لئے بھارت کے ساتھ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے، امید ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد بھارت پاکستان کی مذاکرات کی پیشکش پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان داخلی اور خارجی سطح پر امن کا خواہاں ہے،اسی مقصد کے تحت دہشت گردی کے خلاف برسرپیکار ہیں،افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے لئے پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی بڑی کمپنیوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبہ جات میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ترجیحات میں شفافیت اور قانون کی حکمرانی سرفہرست ہیں،حکومت نے کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا اور منی لانڈرگ کے خاتمے کا عزم کررکھا ہے۔

وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد ہے، موجودہ حکومت نے ریاستی میڈیا سے بھی سینسرشپ ختم کردی ہے، تشدد اورنفرت پھیلانے والے ذرائع ابلاغ کو ریگولیٹ کرنے کے لئے عالمی سطح پر نظام کی تیاری کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی معاشی وسیاسی امور میں شرکت بڑھانے کے لئے کام کررہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی مختلف شعبہ جات میں مہارتوں اور تجربے سے استفادہ کریں گے۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے طالبعلموں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں میں مقبولیت کی ایک وجہ کرپشن کے خاتمے کے لئے اس کا عزم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات