سی ای او تاپی پائپ لائن کمپنی مہمت میریت ایمانوف کی وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے ملاقات

پاکستان کی ترکمانستان کو منصوبے کی تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ،غلام سرور خان

جمعہ 7 دسمبر 2018 17:15

سی ای او تاپی پائپ لائن کمپنی مہمت میریت ایمانوف کی وفاقی وزیر پٹرولیم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہاہے کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔سی ای او تاپی پائپ لائن کمپنی مہمت میریت ایمانوف نے وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان سے جمعہ کووزارت پیٹرولیم میں اہم ملاقات کی ۔سی ای او تاپی پائپ لائن کمپنی کی وزیر پٹرولیم سے ہونے والی ملاقات میں چار ملکی گیس پائپ لائن منصوبے سمیت دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ تاپی کے پہلے معاہدے پر 2010 میں دستخط ہوئے تھے اس چار ملکی گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے تاپی لمیٹڈ اس منصوبے کے حوالے سے پاکستان میں مارچ 2019 میں افتتاحی تقریب رکھنا چاہتا ہے جس میں ترکمانستان اور پاکستان کے علاوہ افغانستان اور بھارت کے سربراہان کو بھی شرکت کی دعوت دی جائیگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ ایک ہزار چھ سو اسی کلومیٹر پر محیط ہے جس سے تین ارب مکعب فٹ یومیہ گیس ملے گی، منصوبے کی اوسط لاگت ساڑھے آٹھ ارب ڈالر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگست 2015 میں ترکمن گیس ،تاپی کنسورشیم کی لیڈر بنی جس کے تحت ترکمانستان کے 85% شیئر ہیںجبکہ پاکستان،افغانستان اور انڈیا کے پانچ فیصد شیئرہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اس منصوبے کی تکمیل کیلئے ہر ممکن تعاون کریگا۔ اس اجلاس کے دوران عدت جان موولاموف سفیر ترکمانستان،مبین صولت،ایم ڈی ای ایس جی ایس سی اور شعر افغن خان ایڈیشنل سیکریٹری پیٹرولیم بھی موجود تھے۔