Live Updates

ترامڑی میں جنرل ہسپتال جلد آپریشنل ہو جائے گا،

بہارہ کہو، ترنول اور روات میں ہسپتالوں پر کام جلد شروع ہو جائے گا، اسلام آباد کو ہیلتھ سٹی بنائیں گے وزیر صحت عامر محمود کیانی کا پمز ہسپتال میں صحت کے حوالے سے سمپوزیم سے خطاب

جمعہ 7 دسمبر 2018 17:25

ترامڑی میں جنرل ہسپتال جلد آپریشنل ہو جائے گا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ ترامڑی چوک میں جنرل ہسپتال جلد آپریشنل ہو جائے گا، بہارہ کہو، ترنول اور روات میں بھی جلد ہسپتالوں پر کام شروع ہو جائے گا، اسلام آباد کو ہیلتھ سٹی بنائیں گے، پاکستان سے لوگ علاج کے لئے دوسرے ممالک میں جاتے ہیں، ہمارے نامور ڈاکٹر بیرون ممالک میں جا کر کام کر رہے ہیں۔

جمعہ کو پمز ہسپتال میں صحت کے حوالے سے سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں گزشتہ چھ ماہ میں جو کام کیا وہ قابل ستائش ہے، ہمیں توقع ہے کہ پمز ہسپتال پاکستان کا بہترین ہسپتال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں صراط مسقیم پر ڈالا ہے اور ہم اپنی منزل کی طرف چل پڑے ہیں، مشکلات ضرور ہیں مگر انشاء اللہ اسلام آباد کو باقی صوبوں کے لئے صحت کے حوالے سے ماڈل بنا کر پیش کریں گے۔

(جاری ہے)

گناہ ٹیکس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بہت شور ہے، یہ ایک اصطلاح ہے، انگریزی کے ہر لفظ کا ترجمہ نہیں ہو سکتا، اس کو غلط نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، طبی شعبہ میں پیش رفت مسلسل تحقیق اور تعلیم کے باعث ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد میڈیکل کی تعلیم کے معیار کو بہتر کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں شواہد پر مبنی کلینکل سروس ڈلیوری کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریبوں کے لئے صحت کا نظام لانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ضلع کو صحت کے شعبہ میں ماڈل کے طور پر شروع کیا جا رہا ہے، پمز ہسپتال سرکاری شعبہ میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کرنے والا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی نگہداشت میں تبدیلی بارے سمپوزیم کے انعقاد سے موجودہ طبی نگہداشت میں بڑی پیش رفت کر رہا ہے، پمز کو طبی علوم، تحقیق اور علاج معالجے کا اعلیٰ ترین ادارہ بنانا ہمارا وژن ہے، ہماری حکومت صحت کے شعبہ میں انقلابی تبدیلی لا رہی ہے، صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بہتری لائے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، تمام بنیادی ہیلتھ سینٹرز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلا رہے ہیں جس سے تقریباً دو کروڑ افراد مفت علاج سے مستفید ہوں گے اور صحت کارڈ سے بہترین پبلک اور پرائیویٹ ہسپتال میں علاج کروا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ اگلے بجٹ میں ہیلتھ کا بجٹ جی ڈی پی کا دو فیصد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خدمت کے لئے آئی ہے اور ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات