وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے گیسٹ ہاؤس اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے احکامات پر کیا جارہا ہے اس میں سندھ حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے،سعید غنی

جمعہ دسمبر 18:19

وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے گیسٹ ہاؤس اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن کے وفد ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 دسمبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے گیسٹ ہاؤس اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر طاہر اوریازئی کی سربراہی میںوفد نے ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔وفد میں فنانس سیکرٹری یوسف احمد لاکھانی ،عمران چیمہ اور دیگر شامل تھے ۔وفد نے سعید غنی کو گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران قانونی طور پر قائم گیسٹ ہاؤسز او رہوٹلوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے اس کاروبار سے وابستہ سیکڑوں افراد کا روزگار متاثر ہورہا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلز کا ملک کی معیشت میں اہم کردار ہے اور ہم حکومت کو باقاعدگی کے ساتھ ٹیکس کی ادائیگی بھی کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ہمارے ساتھ اس طرح کا سلوک ناقابل فہم ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے احکامات پر کیا جارہا ہے اس میں سندھ حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں ہے اور نہ ہی ہم اس سلسلے میں کوئی رعایت دے سکتے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ہمیں تجاوزات سے آپریشن سے متاثرہ افراد کی پریشانی کا اندازہ ہے اور ہم اپنی حدود میں رہتے ہوئے ان کی بحالی کے لیے جو بھی اقدامات کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ حکومت سندھ نے تجاوزات آپریشن کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے ۔گیسٹ ہاؤسز اینڈ ہوٹل ایسوسی ایشن کو بھی اس حوالے سے عدالت سے رجوع کرنا چاہیے ۔