زرین خان کا قابل اعتراض میسیج بھیجنے پر مینیجر کے خلاف مقدمہ

جمعہ 7 دسمبر 2018 19:00

زرین خان کا قابل اعتراض میسیج بھیجنے پر مینیجر کے خلاف مقدمہ
ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) بولڈ ہارر اور کامیڈی فلموں میں اداکاری کے جلوے دکھانے سے شہرت حاصل کرنے والی 31 سالہ اداکارہ زرین خان نے اپنی ہی خاتون مینیجر کے خلاف ہراساں کرنے اور نازیبا پیغامات بھجوانے کا مقدمہ درج کروادیا۔میڈیا نے رپورٹ میں بتایا کہ اداکارہ کے وکیل رضوان صدیقی نے اس بات کی تصدیق کی اداکارہ کی فریاد پر ممبئی کے کھار پولیس تھانے میں تعزیرات ہند کی دفعہ 509 کے تحت مقدمہ دائر کروادیا گیا۔

اداکارہ کے وکیل کے مطابق مقدمے میں زرین خان کی سابق مینیجر انجلی اتھ کو نامزد کیا گیا۔وکیل نے بتایا کہ اداکارہ کی سابق مینیجر نے پیسوں کے معاملے پر زرین خان کو انتہائی نازیبا پیغامات بھجوائے اور انہیں دھمکیاں دیں جس وجہ سے ان کے خلاف مقدمہ دائر کروایا گیا۔

(جاری ہے)

وکیل کے مطابق ابھی اس بات کی مزید تحقیقات ہونا باقی ہے کہ انجلی اتھ نے زرین خان کو کس طرح کے نازیبا پیغامات بھیجے اور انہیں کس طرح کی دھمکیاں دیں۔

دوسری جانب پولیس نے بھی مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ معاملے پر تفتیش ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انجلی اتھ زرین خان کے ساتھ 3 سے 4 ماہ تک بطور مینیجر کام کر چکی ہیں اور مبینہ طور پر اداکارہ نے انہیں تنخواہ نہیں دی، جس وجہ سے انہوں نے اداکارہ کو نازیبا پیغامات بھیجے۔مینیجر کی جانب سے نازیبا پیغامات موصول ہونے اور دھمکیاں ملنے کے بعد اداکارہ نے انہیں نوکری سے بھی فارغ کردیاتھا۔

متعلقہ عنوان :