وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، الحمراء میں اسٹیج ڈراموں پر لگائی پابندی ختم

فیاض الحسن چوہان نے پابندی عائد کی تھی، وزیراعلیٰ نے نوٹس لے لیا، آئندہ ایسے فیصلے کرنے سے قبل وزیراعلیٰ آفس سے ہدایت لی جائے، الحمراء آرٹ کونسل میں تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق ہوں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ دسمبر 18:02

وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس، الحمراء میں اسٹیج ڈراموں پر لگائی پابندی ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 دسمبر 2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی الحمراء آرٹ کونسل میں اسٹیج ڈراموں پر لگائی پابندی ختم کردی۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایسے فیصلے کرنے سے قبل وزیراعلیٰ آفس سے ہدایت لی جائے، الحمراء آرٹ کونسل لاہور میں تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق ہوں گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کی الحمراء آرٹ کونسل میں اسٹیج ڈراموں پر پابندی کا نوٹس لے لیا۔ انہوں نے فوری طور پر الحمراء میں اسٹیج ڈراموں پر لگائی گئی پابندی ختم کردی۔ انہوں نے کہا کہ الحمراء آرٹ کونسل لاہور میں اسٹیج ڈرامے اور تمام سرگرمیاں معمول کے مطابق ہوں گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ آئندہ ایسے فیصلے کرنے سے قبل وزیراعلیٰ آفس سے ہدایت لی جائے۔

دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ الحمراء آرٹ کونسل لاہور میں اسٹیج ڈراموں پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ اسٹیج ڈراموں کیلئے 2 ماہ قبل بکنگ نہیں ہوگی۔اسکرپٹ کی سکروٹنی کیلئے کمیٹی بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مافیا کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے کیلئے ایک سسٹم بنایا تھا۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے فوری حل کیلئے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت کو عبادت سمجھ کر سرانجام دے رہی ہے۔

صوبے کے غریب عوام کی خوشحالی وترقی سے بڑھ کر کوئی چیز عزیر نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ہمارا ہر ایک قدم عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں اٹھ رہا ہے۔حکومت تیز رفتاری کیساتھ اپنے ہدف کے حصول کی طرف بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہمیشہ ملکی مفادات کوترجیح دی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا ایک ایک لمحہ عوام کی بہتری کیلئے وقف ہے۔

تحریک انصاف کی حکومت نئے پاکستان کے مقاصد کو جلد حاصل کر ے گی۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ وطن عزیز کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلائیں گے اوروزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان پائیدار ترقی کا سفر طے کرے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مختصر عرصے میں متعدد کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ابتدائی 100روز میں عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے برق رفتاری سے کام کیا گیا ہے۔ عام آدمی کور یلیف دینے کیلئے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کوکسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ مصنوعی مہنگائی کرنیوالوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اورمہنگائی کیخلاف مہم پورے صوبے میں موثر انداز میں جاری رہے گی۔

میں خوداس مہم کی نگرانی کروں گا۔اچھی کارکردگی دکھانے والے ضلع کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ پرائس کنٹرول کے حوالے سے خراب کارکردگی پر بازپرس ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ہر قیمت پر ریلیف فراہم کریں گے اوروزیراعظم عمران خان کا دور پاکستان کی تاریخ کا سب سے سنہرادور ثابت ہوگا۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں صوبائی وزیر انسانی حقوق وا قلیتی امور اعجاز عالم، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر افضل خان ڈھانڈلا، اراکین صوبائی اسمبلی غضنفر عباس، عامر عنایت شہانی، جگنو محسن، لالہ محمد طاہر رندھاوا اوردیگر شامل تھے۔