نعت خواں جنید جمشید کو ہم سے بچھڑے دو سال بیت گئے

جمعہ 7 دسمبر 2018 20:57

نعت خواں جنید جمشید کو ہم سے بچھڑے دو سال بیت گئے
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2018ء) نعت خواں جنید جمشید کو ہم سے بچھڑے دو سال بیت گئے۔ ان کی دوسری برسی جمعہ کو منائی گئی۔ جنید جمشید 3 ستمبر 1964ء کوکراچی میں پیدا ہوئے اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے وائٹل سائز کے نام سے پاپ موسیقی کا بینڈ تشکیل دیا جس میں بطور گلو کار 1987ء میں کیریئر کا آغاز کیا۔

(جاری ہے)

اس بینڈکی جانب سے ملی نغمہ دل دل پاکستان متعارف کرایا جو عوام میں بے حد مقبول ہوا۔ 2004ء میں معروف سکالر مو لانا طارق جمیل سے ملاقات نے جنید جمشید کی زندگی بدل دی اور گلوکاری میں بے پناہ شہرت کے باوجود ان کا رجحان دینی تعلیمات، درس و تدریس اور حمد و ثناء کی طرف ہو گیا۔ گلوکار ی کو خیرباد کہہ کر 2005ء میں اپنی خوبصورت آواز میں انہو ں نے پہلا نعتیہ البم ’’جلوہ جاناں‘‘ ریلز کیا۔ بعد ازاں یہ سلسلہ چلتا رہا۔ انہیں 2007ء میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ وہ 7 دسمبر 2016ء کو چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔