لاہور ہائیکورٹ ، کنٹونمنٹ علاقوں میں پولی تھین بیگ کی تیاری، خریدو فروخت پر پابندی قانونی قرار

جمعہ 7 دسمبر 2018 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ کے علاقوں میں پولی تھین بیگ کی تیاری، خریدو فروخت پر پابندی قانونی قرار دیدی۔ عدالت نے کنٹونمنٹ کے علاقوں میں پولی تھین بیگز کی فروخت اور تیاری کے خلاف درخواست مسترد کردی۔

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے تنویر زاہد کی درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا درخواستگزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکومت کی جانب سے بلیک پولی تھین بیگ پر پابندی عائد کی ہی. کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی طور پر ہر قسم کے پولی تھین بیگ پر پابندی لگا دی ہے۔

پابندی سے کاروبار مکمل طور ٹھپ ہو چکا ہے لہٰذا عدالت کنٹونمنٹ کے علاقوں میں پولی تھین بیگ کی خرید و فروخت پر پابندی کالعدم قرار دے۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی طرف سے بیرسٹر اسامہ مالک نے دلائل دیئے ، لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے قانون کے مطابق پابندی عائد کی ہے۔ عدالت کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے عائد پابندی ختم کرنے کا حکم نہیں دے سکتی۔ لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے پابندی درست قرار دے دی۔