Live Updates

عوام کو پانی کی سہولت فراہم کرنا سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے، خرم شیر زمان

جمعہ 7 دسمبر 2018 23:38

عوام کو پانی کی سہولت فراہم کرنا سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کی ذمہ داری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ عوام کو پانی کی سہولت فراہم کرنا سندھ حکومت اور واٹر بورڈ کی ذمہ داری ہے۔ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے بارہا واٹر بورڈ دفتر کے دورے کیے اورعوامی مسائل پر ایم ڈی واٹر بورڈ سے احتجاج کیا لیکن ہمیں جھوٹی تسلیاں دے کر واپس بھیج دیا جاتا ہے ۔

ہم جن مسائل سے آگاہ کرتے ہیں اور حل بتاتے ہیں ،ان مسائل پر کوئی ایکشن نہیں لیا جاتااور حل پر کوئی عمل درآمد نہیں کیاجاتا۔ واٹر بورڈ کو چاہئے کہ اپنی ان حرکتوں سے باز آجائے۔ انہوں نے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی کراچی کے شہریوں کا بنیادی حق ہے جس سے انہیں کوئی محروم نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واٹر بورڈ کو پی ٹی آئی اراکین اسمبلی نے ان علاقوں کی نشاندہی کی تھی جہاں پانی کے مسائل ہیں۔ ہم جانتے ہیں کہ واٹر بورڈ کے پاس کتنے مسائل حل کرنے کے لیے فنڈز موجود ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ فی الفور ان چیزوں پر کام کریں ۔ جہاں لائنیں بحال کرنے کی ضرورت ہے، لائنیں بحال کی جائیں۔ جہاں اضافی پریشر درکار ہے وہاں دیا جائے۔

ضلع وسطی، بلدیہ اور لیاری میں پانی کی صورتحال بد ترین ہے۔ پانی کی صورتحال ان علاقوں میں بہتر کی جانی چاہئے۔ جن علاقوں میں پانی چوری کیا جا رہا ہے اور بغیر قانونی کنکشن کے برف کے کارخانے اور کاروبار چل رہے ہیں، وہاں سندھ حکومت چوروں کو پکڑ کر فی الفور سزا دے۔ پانی کی فراہمی واٹر بورڈ کی اولین ذمہ داری ہے ۔ کراچی کا سمندر سیر و سیاحت کے حوالے سے بہت اہم ہے۔

سمندرکے پانی کو کراچی کی فیکٹریاں کیمیکل ملا پانی اورفضلہ پھینک کر خراب کر رہی ہیں۔ اس کی روک تھام کے لیے فیکٹری مالکان فوری کیمیکل ملے پانی اور فضلے کی صفائی کا اہتمام کریں۔ سمندر میں صاف ستھرا اور ٹریٹ کردہ پانی پھینکا جائے جس سے سمندر خراب نہ ہو۔ کراچی کی سب سے بڑی خوبصورتی سمندر ہے جسے استعمال میں لایاجاسکتا ہے تاکہ غیر ملکی بھی سمندر کی سیر سے لطف اٹھا سکیں۔

جو بھی سیاح آتے ہیں انہیں جلدی بیماریاں اور دیگر انفیکشن ہوجاتے ہیں۔ سندھ حکومت اورکراچی انتظامیہ دونوں کراچی کا سمندر تباہ کر نے میں برابر کے شریک ہیں۔ سالہا سال عوام کے لیے کسی مفید پروجیکٹ پر کوئی قابل ذکر کام نہیں ہوا۔ ہمارا واٹر بورڈ سے مطالبہ ہے کہ کراچی کو مناسب مقدار و معیار کے ساتھ پانی فراہم کیا جائے۔ سندھ حکومت اور کراچی انتظامیہ فیکٹری مالکان کو پابند کرے کہ ہمارے سمندر میں چھوڑا جانے والا پانی کیمیکل سے پاک ہو اور سمندر خراب نہ ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات