Live Updates

بھارتی انتہا پسند نوجوت سنگھ سدھو کے پیچھے پڑ گئے

انتہا پسندوں نے بھارتی وزیر کے سر پر ایک کروڑ روپے کا انعام رکھ دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 دسمبر 2018 11:11

بھارتی انتہا پسند نوجوت سنگھ سدھو کے پیچھے پڑ گئے
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 دسمبر 2018ء) : بھارت کے سابق کرکٹر اور بھارتی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے خلاف بھارت میں انتہا پسند ہندو بھی حرکت میں آگئے ہیں اور نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے رکھ دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کی ایک انتہا پسند تنظیم ہندو یووا واہنی نے نوجوت سنگھ سدھو کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر دی ہے۔

یہ انتہا پسند تنظیم بھارتی ریاست اُترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ نے قائم کی تھی۔ انتہا پسند تنظیم کے آگرہ کے صدر ترن سنگھ نے کہا کہ سدھو کو قتل کرنے والے کو ایک کروڑ روپیہ انعام دیا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ سدھو اب دوبارہ آگرہ آئے تو ان کے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جائیں گئے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں راجستھان میں ایک جلسے کے دوران نوجوت سنگھ سدھو نے مودی اور یوگی ادتیہ ناتھ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

(جاری ہے)

انتہا پسند تنظیم کا کہنا ہے کہ نوجوت سنگھ سدھو پاکستان کی تعریف کرتے ہیں انہیں چاہئیے کہ چُپ چاپ واپس پاکستان ہی لوٹ جائیں بصورت دیگر ان کو بھارت میں بھی رہنے نہیں دیا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارتی وزیر نوجوت سنگھ سدھو کے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنے کے بعد سے ہی بھارتی میڈیا نے ان کے خلاف زہر اُگلنا شروع کر دیا جس کے بعد کرتارپور راہداری کی سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں مرکزی مہمان کے طور پر شرکت کرنے پر بھی نوجوت سنگھ سدھو کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

حال ہی میں بھارتی پنجاب کے شہر لدھیانہ میں وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کی حمایت میں ہورڈنگز آویزاں کر دئے گئے ہیں۔یہ ہورڈنگز پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ کے حامی کانگریس کے کارکنوں کی جانب سے لگائے گئے۔ ہورڈنگز پر ’’پنجاب دا کیپٹن، ساڈا کیپٹن‘‘ کی تحریر کے ساتھ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ امریندر سنگھ، راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کی تصاویر بھی لگائی گئی ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیر اعلیٰ امریندر سنگھ نے کرتارپور راہداری کے سنگ بنیاد کی تقریب میں نوجوت سنگھ سدھو کی شرکت اور پاکستان جانے کی مخالفت کی تھی۔ جس پر نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ ’’میرے کپتان راہول گاندھی ہیں‘‘جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ ’’آرمی کے کپتان ہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ میرے دورہ پاکستان کی مخالفت وزیراعلیٰ پنجاب امریندر سنگھ نے کی تھی، کانگریس پارٹی نے نہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات